ہیلی کاپٹر سواری کے ذریعہ تاریخی مقامات کا نظارہ کرنے کی سہولت جلد فراہم کرنے، اے پی ٹی ڈی سی کوشاں
حیدرآباد۔/6اپریل، ( پی ٹی آئی) آندھرا پردیش ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی جانب سے اس کے ہیلی ۔ ٹورازم پراجکٹ کے احیاء کامنصوبہ بنایا جارہا ہے جو شہر کے تاریخی مقامات اور اس علاقہ میں کئی اور اہم مقامات کا نظارہ فراہم کرے گا۔ اے پی ٹی ڈی سی نے خانگی فرمس کے تعاون و اشتراک سے سیاحوں کیلئے ہیلی کاپٹر سواری شروع کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ کارپوریشن نے چند سال قبل اس سہولت کو متعارف کرنے کی تجویز پیش کی تھی لیکن ڈائرکٹوریٹ جنرل، شہری ہوا بازی کی جانب سے اس تجویز کو منظوری نہیں دی گئی تھی۔ حال ہی میں منعقدہ انڈیاایوئیشن۔2014 کانکلیو میں کارپوریشن کے عہدیداروں نے وزارت شہری ہوا بازی کے عہدیداروں کے ساتھ اس مسئلہ کو اٹھایا اور اس کی منظوری طلب کی۔ کارپوریشن کے ایک سینئر عہدیدار نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ ہم نے وزارت شہری ہوا بازی کے عہدیداروں کے ساتھ ابتدائی مرحلہ کی بات چیت کی۔ ہم نے اس پراجکٹ کیلئے مختلف اسٹیک ہولڈرس کے درمیان تال میل سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ہم اب ہیلی ٹورازم کیلئے امکانی سرکٹس کی نشاندہی کررہے ہیں۔ وزارت شہری ہوا بازی کے جوائنٹ سکریٹری جی اشوک کمار نے جو آئی اے ایس کے اے پی کیڈر سے تعلق رکھتے ہیں، کارپوریشن کو تیقن دیا کہ وہ درکار منظوری اور لائسنس کے حصول کیلئے ڈائرکٹوریٹ جنرل، شہری ہوا بازی کے ساتھ کوآرڈینیشن کریں گے اور کارپوریشن کے عہدیداروں سے یہ بھی کہا کہ خانگی ہیلی کاپٹر آپریٹرس کا ایک اجلاس طلب کریں اور اصول و قواعد بنائیں۔ کارپوریشن کے عہدیدار نے کہا کہ کئی خانگی آپریٹرس اس میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ آئندہ ہفتہ ہم ان کے ساتھ ہمارے پلانس پر تبادلہ خیال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ورنگل ایک ہیرٹیج شہر ہے جہاں ہم ہیلی کاپٹر رائیڈس کا اہتمام کرسکتے ہیں۔ دوسرے مقامات بھی ہیں جیسے وقارآباد اور بھدرا چلم جنہیں ہیلی۔ ٹورازم مقامات کے طور پر فروغ دیا جاسکتا ہے۔ یہاں ٹینک بنڈ کے قریب کارپوریشن کے دفتر میں ایک ہیلی پیاڈ بنایا جارہا ہے تاکہ مختصر فاصلہ کی سرویسیس اور سٹی ٹور کیلئے سرویس چلائی جائے۔ اس عہدیدار نے کہا کہ انتخابات کے بعد جلد ہی ہم اس پراجکٹ کو شروع کرنا چاہتے ہیں۔