حیدرآباد 28 جولائی (یواین آئی ) تلنگانہ حکومت کی جانب سے حیدرآباد میں” منا کوراگایالو ”یعنی ہماری سبزی کے دس اسٹالس قائم کئے گئے ہیں جن میں پانچ بڑے اور پانچ چھوٹے اسٹالس ہیں ۔ اس کا مقصد کم قیمت پر سبزیاں فراہم کرنا ہے ۔شہر حیدرآباد کی کوکٹ پلی ہوزنگ بورڈ کالونی ایل بی نگر ‘ ہستینا پور کے اندرا پرستھانا کالونی ‘ حمایت نگر کے میل کوٹی علاقہ میں یہ اسٹالس قائم کئے گئے ہیں جس پر بہتر عوامی ردعمل سامنے آرہا ہے ۔ سرکاری دفاتر میں بھی ایسے چھوٹے اسٹالس قائم کئے گئے ہیں جن سے گاہکوں کے ساتھ ساتھ سرکاری ملازمین بھی خریداری کررہے ہیں۔ ان خریداری کرنے والوں نے بتایا کہ عام مارکٹس سے کم قیمت پر یہاں سبزیاں مل رہی ہیں۔ اور یہ سبزیاں تازہ بھی ہیں ۔ مارکٹنگ ڈپارٹمنٹ کے ڈائرکٹر ڈاکٹر شرد نے بتایا کہ آئندہ دنوں میں ایسے مزید آؤٹ لیٹس قائم کئے جائیں گے جن کے ذریعہ سوپر مارکٹس میں سبزیوں کی قیمتوں پر کنٹرول کیا جائے گا ۔ اور ان آؤٹ لیٹس کی توسیع بھی کی جائے گی ۔ ان آؤٹ لیٹس کیلئے کسانوں سے سبزیاں خریدتے ہوئے انہیں کلکشن سنٹر منتقل کیا جارہا ہے جہاں سے بوئن پلی پراسیسنگ یونٹ لے جاکر ان کی پیکنگ کرتے ہوئے ان آؤٹ لیٹس کو بھیجا جارہا ہے ۔ ان آؤٹ لیٹس کے قیام کا مقصد سبزیوں کی منتقلی میں درمیانی افراد کے رول کو ختم کرنا ہے تاہم رعیتو بازار میں قائم بعض ایسے آؤٹ لیٹس پر عوام کا ردعمل حاصل نہیں ہورہا ہے ۔ موجودہ سطح پر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن حدود میں 11رعیتو بازار قائم ہیں۔ کئی لوگ سبزیوں کیلئے سوپر مارکٹس کا رخ کررہے ہیں۔ تاہم حکام کا ماننا ہے کہ ایسے اسٹالس کے قیام سے عوام کو فائدہ ہوگا ۔