حیدرآباد میں ہفتہ کو عالمی کانفرنس برائے امن

حیدرآباد ، 2 نومبر (یواین آئی) عالمی کانفرنس برائے امن حیدرآباد میں ہفتہ 5 نومبر کو 6 بجے شام نمائش گراؤنڈ پر منعقد ہوگی ۔ اس انٹرنیشنل کانفرنس کی صدارت دیوان و سجادہ نشین بارگاہ حضرت سید خواجہ معین الدین چشتی غریب نوازؒ اجمیرشریف مولانا سید شاہ زین العابدین علی خان کریں گے جب کہ مہمان خصوصی کے طورپر سری سری روی شنکر بانی تحریک آرٹ آف لیونگ اور سری لکشمی شنکراچاریہ (لکھنؤ) ، شیخ محمد نینوی (امریکہ) ، شیخ سید عبدالرزاق قادری (کینیڈا) ، پیر احمد نظامی (نئی دہلی) کے علاوہ مختلف ملک و بیرون ملک کے مندوبین شرکت کررہے ہیں۔ عالمی کانفرنس میں 5 ہزار زائد شرکاء کی شرکت متوقع ہے ۔ مولانا سید شاہ درویش محی الدین قادری مرتضیٰ پاشاہ صدر اسلامی مدرسہ بورڈ نے یہ بات بتائی۔ آرٹ آف لیونگ کے نمائندہ وی بھاسکر راؤ نے کہا کہ دنیا بھر میں فی الحال امن کے فروغ کی کوششیں ترجیحی بنیادوں پر انجام دی جانی چاہئیں۔ دنیا کے تقریباً ہر ملک میں بدامنی اور بے چینی پھیلی ہوئی ہے ، ایسے میں مختلف مذاہب کے نمائندوں کے ساتھ امن و محبت کے اجلاسوں کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ انھوں نے کہا کہ آرٹ آف لیونگ کے سربراہ سری سری روی شنکر فی الحال دنیا بھر میں بالخصوص افریقی ممالک میں فروغ امن کی کوششوں میں بہ نفس نفیس مصروف ہیں۔مولانا سید درویش محی الدین قادری نے بتایا کہ نئی نسل کو اپنے اپنے مذاہب کا صحیح پیام پہونچانے کے لئے یہ کانفرنس منعقد کی جارہی ہے ۔ امن کے پیام کے سلسلہ میں مختلف ذرائع ابلاغ کا سہارا لیا جارہا ہے ۔ بچوں کے لئے جو مختلف گیمس تیار کئے جاتے ہیں ، ان میں لڑائی ، ماردھاڑ کا خاتمہ ، میڈیا ، کتابوں کے ذریعہ امن و محبت کے پیام کے فروغ کے اقدامات بھی کئے جارہے ہیں۔ ایک ایسا کلچر پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔سابق وزیر سی کرشنا یادو نے کہا کہ مختلف مذاہب کے ذمہ داران ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو کر امن و محبت کی مثال پیش کریں گے اور دنیا کو امن کا پیام دیں گے ۔ اس موقع پر مختلف شعبہ جات کی سرکردہ شخصیتوں کو ایوارڈس بھی دیئے جائیں گے ۔
نیو ہونڈا اکارڈ ہائبرڈ کار متعارف
حیدرآباد ۔ 2 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : ہونڈا کارس انڈیا لمٹیڈ نے اس کی نیو ہونڈا اکارڈ ہائبرڈ کو آج روشناس کرایا ۔ اس کو جدید عصری ٹکنالوجی کے ساتھ منفرد اسٹائیل میں تیار کیا گیا ہے ۔ اس میں دو موٹر ہائبرڈ سسٹم ہے صدر و سی ای او ہونڈا کارس انڈیا لمٹیڈ یوٹیچرو یوئنو نے اس بات سے واقف کرواتے ہوئے کہا ہونڈا کی یہ نئی کار گاہکوں کی پسند پر پوری اترے گی ۔ یہ سیفٹی سسٹم سے لیس ہے اس کے اندرون اور بیرون ڈیزائین کو دلکش بنایا گیا ہے ۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ گاہکوں کے درمیان اس کار کا مثبت ردعمل رہے گا ۔۔