آج نظام آباد میں آغاز ، 30 اگست سے حج کیمپ ، حج ہاوز میں انتظامات کا آغاز
حیدرآباد ۔ 3 ۔ اگست (سیاست نیوز) حج 2015 ء کیلئے 30 اگست کو حج کیمپ کا آغاز ہوگا اور 10 برسوں بعد حج کیمپ کے انتظامات میں بڑے پیمانہ پر تبدیلیوں کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے اسپیشل آفیسر حج کمیٹی ، پروفیسر ایس اے شکور اور حج کمیٹی کے عہدیداروں کے ہمراہ آج حج ہاؤز کا دورہ کیا اور حج کیمپ کے انتظامات کو قطعیت دی۔ جاریہ سال حج ہاؤز میں زائد عازمین حج کی بیک وقت موجودگی کو دیکھتے ہوئے بڑے پیمانہ پر انتظامات کئے جائیں گے اور گزشتہ 10 برسوں سے انتظامات کا جو طریقہ کار تھا اس میں تبدیلی کی جارہی ہے ۔ سکریٹری اقلیتی بہبود نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ 29 اگست تک تمام انتظامات مکمل کرلیں اور یہ پہلا موقع ہوگا جب حج ہاؤز سے متصل زیر تعمیر کامپلکس کے 3 فلور حج کیمپ کیلئے استعمال کئے جائیں گے۔ عازمین حج کی روانگی کیلئے ہر سال عمارت کا سیلر استعمال کیا جاتا ہے لیکن اس کی کم گنجائش کو دیکھتے ہوئے حج ہاؤز سے متصل کھلے علاقہ میں عازمین کی روانگی کا انتظام کیا جائے گا ۔ عازمین حج کیلئے ہر سال جس کھلی اراضی پر طعام کا انتظام کیا جاتا تھا ، جاریہ سال یہ انتظام زیر تعمیر کامپلکس کے حصہ میں کئے جائیں گے۔ اس علاقہ میں گراؤنڈ فلور پر طعام کا انتظام رہے گا جبکہ پہلی اور دوسری منزل پر عازمین کے قیام کے انتظامات کئے جائیں گے۔ تیسری منزل پر پولیس کیلئے انتظامات رہیں گے۔ حکومت نے اس علاقہ میں ہنگامی طور پر بیت الخلاؤں اور باتھ رومس کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے تاکہ حج کیمپ کے آغاز سے قبل تعمیری کام مکمل کرلئے جائیں۔ حکومت نے تمام کاموں کیلئے ٹنڈرس طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود نے اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور کی صدارت میں ٹنڈر کمیٹی تشکیل دی ہے ۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر وقف بورڈ ، ڈپٹی ڈائرکٹر اقلیتی بہبود اور آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی اقلیتی بہبود کمشنریٹ کمیٹی کے ارکان ہوں گے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ جاریہ سال ایک دن میں ایر انڈیا کی 3 فلائیٹس ہیں اور ہر فلائیٹ کی گنجائش 340 ہے جبکہ سابق میں روزانہ 2 فلائیٹس ہوا کرتی تھی اور ہر فلائیٹ کی گنجائش 260 تھی۔ جاریہ سال 7 دن میں 16 فلائیٹس روانہ ہوں گی جس کے باعث حج ہاؤز میں روزانہ تقریباً 1500 عازمین کی آمد رہے گی۔ اس طرح انتظامات حج کمیٹی کیلئے چیلنج سے کم نہیں۔ اسپیشل آفیسر نے بتایا کہ حج ہاؤز کے سیلر کے بجائے کھلے علاقہ میں خصوصی ٹینٹ کی تنصیب عمل میں آئے گی جہاں کسٹمز ، کرنسی اور بینک کاؤنٹر کے علاوہ دیگر کاؤنٹر ہوں گے۔ عازمین حج کے لگیج کی حصولی کا انتظام حج ہاؤز کے گراؤنڈ فلور کے ہال میں کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ 4 اگست سے عازمین حج کو سوٹ کیس سربراہی کا آغاز ہوگا۔ 4 اگست کو نظام آباد میں سوٹ کیس تقسیم کئے جائیں گے جبکہ 5 تا 7 اگست حیدرآباد میں تقسیم عمل میں آئے گی ۔ جن عازمین حج نے ابھی تک ٹیکے نہیں لئے ، ان کیلئے 30 اگست کو حج ہاؤز میں خصوصی انتظام کیا جائے گا۔ توقع ہے کہ تلنگانہ کیلئے ویٹنگ لسٹ اور خصوصی کوٹہ سے مزید عازمین حج کی روانگی کی منظوری حاصل ہوگی۔ لہذا لمحہ آخر میں منتخب ہونے والے عازمین کیلئے 30 اگست کو ٹیکہ اندازی کیمپ رکھا جارہا ہے۔