ڈپٹی چیف منسٹر کے سری ہری صدر کمیٹی، جناب سید عمرجلیل کے احکامات
حیدرآباد۔23فبروری( سیاست نیوز) حکومت نے حیدرآباد میں کرسچن بھون کی تعمیر کیلئے ڈپٹی چیف منسٹر کے سری ہری کی صدارت میں کمیٹی تشکیل دی ہے ۔ اس سلسلہ میں اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے احکامات جاری کئے ۔ یہ کمیٹی کرسچن بھون کے ڈیزائن اور تعمیری کام کی نگرانی کرے گی ۔ واضح رہے کہ حکومت نے ملکاجگری موضع کے ماریڈ پلی منڈل میں کرسچن بھون کی تعمیر کیلئے دو ایکڑ اراضی الاٹ کی ہے ۔ اس کی تعمیر 10کروڑ روپئے سے مکمل کی جائے گی ۔ بھون کے ڈیزائن اور تعمیری کاموں کی نگرانی کیلئے تشکیل دی گئی کمیٹی کے ارکان میں راجیشور راؤ ایم ایل سی ‘ ای اسٹیفنسن ایم ایل سی ‘ پرنسپال سکریٹری پنچایت راج جے ریمنڈ پیٹر ‘ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود تلنگانہ ‘ ضلع کلکٹر حیدرآباد ‘ سپرنٹنڈنٹ انجنیئر ‘ پرنسپال جواہر لعل نہرو آرکٹیکچر اینڈ فائن آرٹس یونیورسٹی اور منیجنگ ڈائرکٹر تلنگانہ اسٹیٹ کرسچن مائناریٹی فینانس کارپوریشن شامل ہیں ۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود و منیجنگ ڈائرکٹر کرسچن فینانس کارپوریشن کمیٹی کے روبرو کرسچن بھون کا ڈیزائن پیش کریں گے ۔ یہ کمیٹی ماہرین سے مشاورت کے بعد اسے منظوری دے گی ۔ تلنگانہ حکومت کرسچن بھون کی جلد از جلد تکمیل کا منصوبہ رکھتی ہے ۔