پانی کی سپلائی برقرار رکھنے واٹر بورڈ کے ہنگامی اقدامات
حیدرآباد ۔ 27 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : ایسے وقت جب کہ حیدرآباد شہر پینے کا پانی فراہم کرنے والے دو بڑے ذخائر آب ناگر جنا ساگر ( کرشنا ) اور یلم پلی ( گوداوری ) میں سطح آب انتہائی کم ہوگئی ہے ۔ حیدرآباد میٹرو پولیٹن واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ نے پانی کے سنگین بحران سے بچنے کے لیے ہنگامی اقدامات شروع کردئیے ہیں ۔ واٹر بورڈ نے نلگنڈہ کے مقام پوٹم گنڈی میں ایمرجنسی پمپنگ کے انتظامات شروع کردئیے ہیں ۔ اس مقصد کے لیے ایمرجنسی پمپنگ موٹرس لگادئیے گئے ہیں تاکہ ناگرجنا ساگر کی نچلی سطح سے پانی حاصل کیا جاسکے ۔ یلم پلی آبی ذخیرہ کے پاس واٹر بورڈ نے زمین کی کھدائی شروع کی ہے تاکہ مورمور کے مقام پر حصول آب کا ہنگامی ذریعہ بنایا جاسکے اس مقام پر تین مراحل کی پمپنگ کے ذریعہ گریٹر حیدرآباد کو پانی کی سربراہی کو یقینی بنایا جائے گا ۔ اگر مانسون کی آمد میں ایک یا دو ماہ کی تاخیر ہوئی تو ناگرجنا ساگر میں پانی کی سطح مزید گھٹ جائے گی اور آبی بورڈ دوسری سطح کی پمپنگ کے لیے مجبور ہوگا ۔ کرشنا اور گوداوری حیدرآباد اور مواضعات کو پانی سربراہ کرنے والے اہم ذرائع ہیں ۔ دوسرے چار آبی ذحائر عثمان ساگر ، حمایت ساگر ، سنگور ، اور مانجرا بالکل خشک ہوچکے ہیں ۔۔