نمائش کے شائقین کے لیے مفت پارکنگ کی سہولت ، ٹریفک پولیس و بلدیہ کے اقدامات
حیدرآباد ۔ یکم / جنوری (سیاست نیوز) شہر سے پارکنگ مافیا کی برخاستگی کا عمل شروع ہوچکا ہے ۔ نمائش 2016 ء کے دوران ٹریفک پولیس اور جی ایچ ایم سی کی جانب سے نمائش کا مشاہدہ کرنے پہونچنے والے افراد جو کہ ٹو وہیلر پر آئیں گے انہیں مفت پارکنگ کی سہولت حاصل رہے گی ۔ نمائش کے دوران ہر سال پارکنگ مافیا کی جانب سے کی جانے والی من مانی کے خلاف گزشتہ چار برسوں سے سابق ایم بی ٹی کارپوریٹر مسٹر امجد اللہ خان خالد مسلسل نمائندگیاں کررہے تھے ۔ جاریہ سال بھی انہوں نے نمائش سے آغاز سے قبل کمشنر پولیس و کمشنر بلدیہ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے اس سلسلے میں توجہ مبذول کروائی تھی اور کہا تھا کہ جب شہر کے تجارتی مراکز پر موجود دوکانوں کو پارکنگ نہ بتائے جانے پر لائسنس نہیں دیا جارہا ہے تو ایسی صورت میں کس طرح 2000 سے زائد اسٹالس کی نمائش کو کیسے اجازت فراہم کی جارہی ہے ۔ ان مکتوبات کے موصول ہونے کے بعد محکمہ پولیس نے حرکت میں آتے ہوئے جو کارروائی کی ہے اس کا راست فائدہ نمائش کا مشاہدہ کرنے کیلئے پہونچنے والے سیاحوں و خریداروں کو ہوگا ۔ تاج آئسکریم سے معظم جاہی مارکٹ تک سڑک کی ایک جانب سنگل لائین موٹر سائیکل پارکنگ مفت رہے گی ۔ اس سلسلے میں محکمہ پولیس کی جانب سے بڑے بورڈس آویزاں کردیئے گئے ہیں ۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے بموجب نمائش کے اطراف موجود سرکاری عمارتوں میں جہاں پارکنگ سہولت فراہم کی جاتی ہے وہاں بھی اضافی رقم نہ لینے بلکہ متعین کردہ پارکنگ فیس کے بڑے ہورڈنگس نصب کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے اور اندرون دو یوم ان سرکاری عمارتوں میں کی جانے والی پارکنگ فیس کا تعین کرتے ہوئے بورڈ آویزاں کردیئے جائیں گے ۔ نمائش سوسائیٹی کے عہدیداروں نے بتایا کہ اس سلسلے میں محکمہ پولیس کے عہدیداروں سے مکمل مشاورت کرلی گئی ہے اور پولیس کی جانب سے دی گئی ہدایات کے مطابق اس سڑک پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے اور پارکنگ کو باقاعدہ بنانے کیلئے سوسائیٹی کے والینٹرس کی خدمات حاصل کی جائیں گے ۔ علاوہ ازیں وقتاً فوقتاً پولیس کے عہدیدار بھی جبراً پارکنگ فیس وصول کرنے والوں کے خلاف مہم چلائیں گے ۔ جناب امجد اللہ خان خالد نے مفت پارکنگ کی سہولت فراہم کرنے کے فیصلہ کا خیرمقدم کیا ہے۔