حیدرآباد میں پارلیمنٹ اور اسمبلی انتخابات کی مہم عروج پر پہونچ گئی

ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسرس کا عملہ بھی رائے دہی کی تیاریوں میں مصروف ، ووٹرس سپلس کی تقسیم کا آغاز
حیدرآباد ۔ 23 ۔ اپریل (سیاست نیوز) حیدرآباد ضلع کے تحت لوک سبھا کے دو اور اسمبلی کے 15 حلقوں میں انتخابی مہم نقطہ عروج پر پہنچ چکی ہے۔ ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر کا عملہ رائے دہی کی تیاریوں میں مصروف ہوچکا ہے اور رائے دہندوں کو ووٹر سلپ کی تقسیم کا آغاز کردیا گیا۔ مجوزہ انتخابات میں حیدرآباد کے تمام لوک سبھا اور اسمبلی حلقوں کا مقابلہ دلچسپ ہے اور نتائج بھی چونکا دینے والے ہوسکتے ہیں۔ اسمبلی کے 15 حلقہ جات میں سب سے زیادہ رائے دہندے جوبلی ہلز میں ہیں جبکہ سب سے کم حلقہ اسمبلی چارمینار میں ہیں۔ رائے دہندوں کی اکثریت والا جوبلی ہلز حلقہ سہ رکنی مقابلہ کا سامنا کر رہا ہے۔ حلقہ کے موجودہ رکن اسمبلی وشنو وردھن ریڈی کو ٹی آر ایس، وائی ایس آر کانگریس پارٹی سے مقابلہ درپیش ہے جبکہ کم رائے دہندوں والے حلقہ چارمینار میں مقامی جماعت کے موجودہ رکن اسمبلی کا تلگو دیشم سے مقابلہ ہے۔ حیدرآباد کے تمام حلقوں میں 31 جنوری تک رائے دہندوں کی جملہ تعداد 35 لاکھ 98 ہزار 152 ریکارڈ کی گئی جن میں مرد رائے دہندے 19 لاکھ 3221 جبکہ خاتون رائے دہندوں کی تعداد 16 لاکھ 94 ہزار 654 ہے۔ سب سے زائد رائے دہندوں والے حلقہ جوبلی ہلز میں جملہ رائے دہندے 2 لاکھ 90 ہزار 877 ہیں۔ رائے دہندوں کی تعداد کے لحاظ سے حلقہ اسمبلی نامپلی دوسرے نمبر پر ہے جہاں 2 لاکھ 61 ہزار 600 اور تیسرے نمبر پر مشیر آباد ہے جہاں 2 لاکھ 60 ہزار 852 رائے دہندے ہیں۔ حلقہ اسمبلی چارمینار میں رائے دہندوں کی تعداد 2 لاکھ سے بھی کم ہے۔ اس حلقہ میں مرد رائے دہندے 92 ہزار 224 جبکہ خواتین 80,342 ہیں۔

الیکٹورل آفس کے ریکارڈ کے مطابق ملک پیٹ میں 2 لاکھ 31,049 ، عنبرپیٹ 2 لاکھ 42,494 ، خیریت آباد 2,43,613 ، صنعت نگر 2,20,969 ، کاروان 2,49,014 ، گوشہ محل 2,57,283 ، چندرائن گٹہ 2,34,753 ، یاقوت پورہ 2,51,351 ، بہادر پورہ 2,21,706 ، سکندرآباد 2,26,001 اور کنٹونمنٹ میں رائے دہندوں کی تعداد 2,31,004 ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق مارچ تک نئے رائے دہندوں کے ناموں کی شمولیت کیلئے چلائی گئی مہم میں حیدرآباد میں 1,83,000 افراد نے اپنے نام درج کرائے جبکہ 9 مارچ کے بعد شروع کردہ خصوصی کیمپ میں 65,000 افراد نے درخواستیں داخل کی ہیں۔ 31 جنوری تا 8 مارچ فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت کی مہم چلائی گئی تھی۔ ڈسٹرکٹ الیکٹورل آفیسر نے بتایا کہ تمام اسمبلی حلقوں میں پولنگ اسٹیشنوں کے قیام کا عمل مکمل کیا جاچکا ہے۔ مشیر آباد میں 219 ، ملک پیٹ 203 ، عنبر پیٹ 192 ، خیریت آباد 213 ، جوبلی ہلز 242 ، صنعت نگر 183 ، نامپلی 236 ، کارون 217 ، گوشہ محل 200 ، چارمینار 160 ، چندرائن گٹہ 195 ، یاقوت پورہ 229 ، بہادر پورہ 201 ، سکندرآباد 199 اور سکندرآباد کنٹونمنٹ میں 202 پولنگ اسٹیشنس قائم کئے گئے ہیں۔