مئیر حیدرآباد بی رام موہن سے ملاقات ۔ بروڈیکس و حیدرآباد کے مابین سسٹر سٹی معاہدہ پر غور
حیدرآباد۔24جنوری (سیاست نیوز) فرانسیسی وفد کے نمائندوں نے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے دفتر میں مئیر جی ایچ ایم سی مسٹر بی رام موہن سے ملاقات کرتے ہوئے بروڈیکس اور حیدرآباد کے درمیان سسٹر سٹی معاہدے اور حیدرآباد میں ٹرام کی خدمات کے سلسلہ میں تبادلہ خیال کیا۔ مسٹر بی رام موہن نے اس موقع پر وفد کے ارکان نے بتایا کہ وہ شہر میں ٹرام خدمات کے آغاز میں ممکنہ تعاون کیلئے تیار ہیں اور چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ میں ضرورت پڑنے پر اپنی رائے دیں گے ۔ مئیر مسٹر بی رام موہن سے فرانسیسی وفد کی ملاقات کے دوران مشیر برائے ریاستی حکومت مسٹر پاپا راؤ موجو د تھے۔ مئیر نے اس موقع پر وفد کے ارکان کو مجلس بلدیہ حیدرآباد کی کارکردگی اور مختلف پراجکٹس کے متعلق واقف کرواتے ہوئے کہا کہ جی ایچ ایم سی کی جانب سے شہر میں ٹرانسپورٹ نظام کو بہتر بنانے متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ فرانسیسی وفد کے ارکان نے کہا کہ حیدرآباد میں پیدل راہرو پراجکٹ کے آغاز کے بعد جو ٹرام کی خدمات شروع کئے جانے کا منصوبہ ہے اس میں فرانس بھرپور تعاون کیلئے تیار ہے۔ فرانسیسی وفد کے ارکان نے کہا کہ ملک کے مختلف شہروں میں فرانس کے تعاون اور اشتراک سے کئی پراجکٹس کامیابی کے ساتھ چلائے جا رہے ہیں اور انہیں توقع ہے کہ بہت جلد حیدرآباد میں بھی مختلف پراجکٹس کے سلسلہ میں فرانس سے اشتراک کیا جائے گا۔ مسٹر پاپا راؤ نے ریاست کی ترقیاتی و تعمیراتی سرگرمیوں اور اسکیمات کے متعلق وفد کے ارکان کو واقف کرواتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت معیاری بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے اقدامات کررہی ہے۔چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کی تکمیل کے بعد معظم جاہی مارکٹ تا چارمینار شروع کی جانی والی ٹرام خدمات کے متعلق دونوں وفود کے درمیان تبادلہ خیال ہوا اور اس منصوبہ کو جلد از جلد قابل عمل بنانے کے اقدامات کرنے کے متعلق جائزہ لیا گیا۔مئیر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے بتایا کہ شہر حیدرآباد میں موجود تاریخی اہمیت کی حامل عمارتوں کے تحفظ کے ساتھ ساتھٹرانسپورٹ نظام کو بہتر بنانے اور معیاری بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے اور اس سلسلہ میں فرانس کے شہر بروڈیکس کے ماہرین سے تعاون و اشتراک کے متعلق حکومت سے مشاورت کی جائے گی۔ فرانسیسی وفد کے اراکین نے شہر حیدرآباد کی تہذیب و تمدن کے علاوہ یہاں کی تاریخی عمارتوں کوقیمتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسکے تحفظ میں مکمل تعاون کیلئے برڈیکس ہمیشہ تیار رہیگا۔