حکومت تلنگانہ کی درخواست پر وزارت ِ خارجہ کا جائزہ ، سیکریٹری وزارت خارجی اُمور کا بیان
حیدرآباد۔ 29 جنوری (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کی درخواست پر وزارت خارجہ حیدرآباد میں اپنی ایک مکمل کارگر شاخ قائم کرنے پر غور کررہی ہے۔ حیدرآباد میں ’’ودیش بھون‘‘ کے نام سے یہ شاخ کی جائے گی۔ ودیش بھون کے قیام کے ساتھ ہی توقع ہے کہ ریاستی حکومت اور مرکزی وزارت کے درمیان ایک موثر تال میل قائم ہوجائے گا اور پاسپورٹس اور ویزا کی اجرائی سے متعلق مسائل کی یکسوئی ہوگی۔ اس ودیش بھون کے ذریعہ پولیٹیکل کلیرنس کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔ بیرونی ممالک سے سرمایہ کاری کے مواقع پیدا ہوں گے اور تجارت کو فروغ حاصل ہوگا۔ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے ودیش بھون کے قیام کے لئے مطلوب ضرورتوں کو پورا کرنے اور جگہ فراہم کرنے اپنی حکومت کی خواہش کا اظہار کیا تھا جس کے بعد ہی ودیش بھون کے قیام کا منصوبہ سامنے آیا ہے۔ وزارت خارجی اُمور کے سیکریٹری (قونصلر پاسپورٹ ویزا اینڈ اوورسیز انڈین افیئر) گیانیشور ایم مولے نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ودیش بھون کے قیام کی درخواست چیف منسٹر نے کی ہے۔ انہوں نے ہفتہ کو چیف منسٹر سے ملاقات کی تھی۔ کے سی آر نے یہ بھی درخواست کی ہے کہ ورنگل میں پاسپورٹ سیوا کیندر قائم کیا جائے۔ ریجنل پاسپورٹ آفس کو بھی ہدایت دی جائے کہ وہ پاسپورٹ کی اجرائی کے عمل کو آسان اور لچکدار بنائے۔ پاسپورٹ کی اجرائی کو فراخدلانہ بنانے کی حالیہ پالیسی کی خصوصیات کے متعلق وضاحت کرتے ہوئے ڈاکٹر گیانیشور نے کہا کہ ان کی وزارت کی جانب سے اصلاحات کے عمل کو تیز تر کیا جارہا ہے تاکہ پاسپورٹ میں امکانی تبدیلیوں یعنی تاریخ پیدائش کا اندراج سے متعلق کئی تبدیلیاں لاتے ہوئے پاسپورٹ کی اجرائی کے عمل کو شفاف بنایا جارہا ہے۔ حال ہی میں پوسٹ آفسیس کے ذریعہ بھی پاسپورٹس کی ڈیلیوری کے لئے دو پائیلٹ پراجیکٹس شروع کئے گئے ہیں۔ ایک پراجیکٹ کرناٹک کے میسورا اور دوسرا گجرات کے داہود میں کام کررہا ہے۔ ’’پاسپورٹ آپ کی دہلیز پر‘‘ کے عنوان سے یہ پروگرام شروع کیا گیا ہے۔ اس کا بنیادی مقصد زیادہ سے زیادہ لوگوں کو سہولت فراہم کرنا ہے۔ طلبہ کیلئے بھی خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں جہاں پاسپورٹ سیوا عہدیدار، یونیورسٹیوں، کالجوں اور تعلیمی اداروں سے رجوع ہوکر طلبہ کیلئے پاسپورٹ بنانے میں مدد کی جائے گی۔ دور دراز علاقوں میں رہنے والے عوام کیلئے بھی متواتر پاسپورٹ کیمپس قائم کئے جائیں گے۔ وزارت خارجہ کی جانب سے ہر سال 1.3 کروڑ پاسپورٹ جاری کئے جاتے ہیں، ان میں حیدرآباد آفس سے 60,000 پاسپورٹ کی اجرائی بھی شامل ہے جو سب سے زیادہ پاسپورٹ کی اجرائی کرنے والے شہر لکھنؤ کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔