ادارہ سیاست کے بھر پور تعاون کی پیشکش ، اختتامی تقریب سے جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست کا خطاب
حیدرآباد ۔ 24 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے کہا کہ بیماروں کی خدمت سے خدائے تعالیٰ کی خوشنودی حاصل کی جاسکتی ہے اور اسلام میں بیمار کی عیادت پر غیر معمولی اجر و ثواب ہے ۔ جناب زاہد علی خاں پالمیر کیرو پراکٹک یونیورسٹی امریکہ کے زیر اہتمام ادارہ سیاست اور انور چیارٹیبل ٹرسٹ کے زیر اہتمام سہ روزہ مفت کیرو پراکٹک میڈیکل کیمپ کی اختتامی تقریب سے عابد علی خاں آئی ہاسپٹل دارالشفاء پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے مخاطب تھے ۔ ابتداء میں ڈاکٹر معین انصاری صدر شعبہ نیوٹریشن پالمیر یونیورسٹی امریکہ نے تمام مہمانوں اور ڈاکٹرز کا خیر مقدم کرتے ہوئے بتایا کہ پالمیر کیرو پراکٹک یونیورسٹی کے 28 ڈاکٹروں کی ٹیم گذشتہ ایک ہفتہ سے شہر حیدرآباد میں دو روز اذاں انٹرنیشنل اسکول سات گنبد پر 1500 اسکولی بچوں کا معائنہ کیا اور گذشتہ تین روز سے 2000 سے زائد مرد و خواتین کا عابد علی خاں آئی ہاسپٹل پر معائنہ کیا ۔ انہوں نے اس موقع پر ادارہ سیاست اور انور چیارٹیبل ٹرسٹ کا شکریہ ادا کیا جن کے تعاون سے کیمپ کا کامیاب انعقاد عمل میں لایا گیا ۔
جناب زاہد علی خاں نے اپنی تقریر جاری رکھتے ہوئے پروفیسر معین انصاری کو امریکہ میں حیدرآبادی سفیر قرار دیا جو گذشتہ 17 برسوں سے کیرو پراکٹک ڈاکٹروں کی ٹیم کو ہندوستان کے مختلف ریاستوں اور خاص طور پر حیدرآباد کا دورہ کرواتے ہوئے یہاں پانچ دن کے کیمپ کا انعقاد عمل میں لاتے ہیں ۔ جناب زاہد علی خاں اس موقع پر پالمیر کیرو پراکٹک کالج امریکہ کے انتظامیہ اور خاص طور پر ڈاکٹر معین انصاری کو مشورہ دیا کہ وہ 4 کیروپراکٹک ڈاکٹرز کو ایک ماہ تک حیدرآباد روانہ کریں اور وہ یہاں کے ڈاکٹرز کو کیرو پراکٹک سے علاج کرنے کی مہارت پیدا کریں تاکہ وہ ڈاکٹرز حیدرآباد میں کیرو پراکٹک کا کلینک قائم کرسکیں ۔ اس سلسلہ میں ادارہ سیاست اور خود ان کا ان کے پورے خاندان کا تعاون رہے گا اور امریکن ڈاکٹرز ان کے مہمان رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی یہ دلی خواہش ہے کہ جب گذشتہ 17 برسوں سے حیدرآباد میں اس طرح کا کیمپ ہورہا ہے تو ایک باضابطہ کیرو پراکٹک کلینک کا قیام عمل میں لایا جائے ۔ انہوں نے اس موقع پر تمام کیرو پراکٹک ڈاکٹرز کی خدمات کو زبردست خراج تحسین ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ ان کی اس تجویز سے پروفیسر معین انصاری اور فکلیٹی ممبرز متفق ہوں گے ۔ محترمہ شاہدہ انصاری نے اپنی تقریر میں کہا کہ ادارہ سیاست نے گذشتہ کئی برسوں سے حیدرآباد میں کیرو پراکٹک طریقہ علاج کو عام کرنے کے لیے بڑا کام کیا ہے جس کے لیے وہ جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست ، جناب ظہیر الدین علی خاں منیجنگ ایڈیٹر روزنامہ سیاست اور جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست کا شکریہ ادا کیا جن کی مہمان نوازی اور کیمپ کو کامیاب بنانے میں جو خدمت انجام دئیے ہیں وہ لائق تحسین ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کیرو پراکٹک طریقہ علاج پوری دنیا میں رائج ہے اور ادارہ عالمی صحت نے اس طریقہ کو منظور کیا ہے ۔
ضرورت اس بات کی ہے کہ اس طریقہ علاج کو بھی ہندوستان اور خاص طور پر حیدرآباد میں اپنایا جائے ۔ اس موقع پر کیرو پراکٹک یونیورسٹی کے فکلیٹی ممبرز نے بھی مخاطب کیا ۔ ڈاکٹر جان شیرفر نے کہا کہ وہ حیدرآبادی عوام اور یہاں کی مہمان نوازی سے کافی متاثر ہوئے ہیں ۔ ڈاکٹر میتھوتھامس ، ڈاکٹر ونڈاکاربٹ ، ڈاکٹر انجلی پرساد نے بھی کیرو پراکٹک میں ہورہے علاج و معالجہ اور ریسرچ کے کاموں سے واقف کروایا ۔ ڈاکٹر یوسف اعظم چیرمین انور چیارٹیبل ٹرسٹ نے اپنی تقریر میں کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ پالمیر کیرو پراکٹک یونیورسٹی امریکہ کے ڈاکٹرز نے اعظم ووکیشنل کالج کے طالبات سے استفادہ کیا جس کی وجہ سے امریکہ کے ڈاکٹرز کے ساتھ حیدرآباد کے میڈیکل پروفیشنل طالبات کو بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا ۔ اس طرح کے میڈیکل کیمپ سے ہر دو ممالک میں طبی طریقہ علاج کو رائج کرنے اور انہیں تجربہ کے ذریعے معلومات حاصل کرنے کے لیے ایک بہترین ذریعہ ہے ۔ انہوں نے اس موقع پر پروفیسر معین انصاری اور محترمہ شاہدہ انصاری کی طبی خدمات کو زبردست خراج تحسین ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ اس طرح کے کیمپ ہمیشہ منعقد ہوتے رہیں گے ۔ اس موقع پر جناب زاہد علی خاں اور ڈاکٹر یوسف اعظم کے ہاتھوں امریکن ڈاکٹرز کو ادارہ سیاست کی طرف تحفہ اور پالمیر یونیورسٹی کی طرف سے طالبات اور کیمپ میں نمایاں خدمات انجام دینے والوں کو سرٹیفیکٹ دئیے گئے ۔ اس اختتامی اجلاس میں جناب محمد اسمعیل سیف الدین ( جدہ ) ، جناب محمد ندیم پرنسپل اعظم جونیر کالج ووکیشنل کالج ، پروفیسر میر تراب علی ، جناب شاہد حسین ، جناب وحید اعظمی انجینئر ، محترمہ منور خاتون ڈائرکٹر اشرف المدارس ہائی اسکول ، ڈاکٹر نیر اعظم نے شرکت کی ۔ ڈاکٹر سید غوث الدین کوآرڈینٹر کیمپ کے زیر نگرانی جناب ایم این بیگ ، جناب محمد فہیم انصاری ، جناب اطہر سمیع الدین ، جناب محمد برکت علی ، جناب احمد صدیقی مکیش ، جناب محمد حامد ، جناب خالد محی الدین اسد نے شبانہ روز محنت کی ۔ ڈاکٹر محمد یوسف اعظم کے شکریہ پر جلسہ کا اختتام عمل میں آیا ۔۔