اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی کا بیان
حیدرآباد۔ 28 ۔ مارچ ( سیاست نیوز) وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی نے کہاکہ حیدرآباد میں مزید نئے فائر اسٹیشنوں کے قیام کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ پرانے شہر حیدرآباد میں 10 فائر اسٹیشن موجود ہیں اور ضرورت پڑنے پر مزید اضافہ کیا جائے گا ۔ تلنگانہ اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران ڈاکٹر لکشمن ، ڈی کے ارونا اور دیگر ارکان کے سوال پر وزیر داخلہ نے کہا کہ شہر کی آبادی میں اضافہ ہوچکا ہے اور شہر کے حدود مزید وسیع ہوچکے ہیں، لہذا فائر اسٹیشنوں کی تعداد میں اضافہ ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن 18 اسمبلی حلقوں میں فائر اسٹیشن موجود نہیں ، وہاں ترجیحی بنیادوں پر فائر اسٹیشن کا قیام امن میں آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ فائر اسٹیشنوں کی تعداد میں اضافہ کے مسئلہ پر ارکان اسمبلی کے ساتھ مشاورت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتی ٹریفک کے سبب فائر انجن کے پہنچنے میں تاخیر کے واقعات کا پتہ چلا ہے۔ لہذا حکومت نے فائر سرویس میں بلیٹ ٹو وہیلرس گاڑیاں متعارف کی ہیں جو فوری طور پر حادثہ کے مقام پر پہنچ جائیں گی اور آگ پر قابو پانے کی ابتدائی کوششوں کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں یہ گاڑیاں متعارف کی گئی ہیں۔ بعد میں اضلاع میں متعارف کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے فائر سرویس ڈپارٹمنٹ کی ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز کی ہے اور عصری سہولتوں سے آراستہ گاڑیاں فراہم کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں فی الوقت 95 فائر اسٹیشن موجود ہیں اور مزید 46 کے قیام کا مسئلہ حکومت کے زیر غور ہے۔ جاریہ سال بجٹ میں حکومت نے نئے فائر اسٹیشنوں کے قیام کے لئے 61 کروڑ 81 لاکھ روپئے مختص کئے ہیں۔