حیدرآباد میں ماضی کی یادگاروں کو ختم کیا جارہا ہے

جیمس اسٹریٹ رام گوپال پیٹ کے تاریخی پولیس اسٹیشن کو منہدم کرنے کی تیاری
حیدرآباد۔23ستمبر(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کی تاریخی اہمیت اس شہر میں موجود تاریخی عمارتو ںسے ہے اور شہر میں موجود تاریخی عمارتیں حیدرآباد و سکندرآباد کے پر شکوہ ماضی کی دلیل ہیں لیکن شہر کی تاریخی عمارتوں کے تحفظ کے بجائے انہیں منہدم کرنے کے اقدامات تیز کئے جا رہے ہیں۔ سکندرآباد پر لب سڑک واقع رام گوپال پیٹ پولیس اسٹیشن کی عمارت بہت جلد زمین بوس کردی جائے گی اور پولیس اسٹیشن کے تخلیہ کا عمل شروع کیا جا چکا ہے۔ 116سالہ قدیم یہ عمارت جو1998سے قبل تک جیمس اسٹریٹ پولیس اسٹیشن کے نام سے جانی جاتی تھی لیکن 1998میں حکومت آندھرا پردیش نے اس عمارت کو اس عمارت کے عطیہ دینے والی شخصیت دیوان بہادر سیٹھ رام گوپال کے نام سے موسوم کرتے ہوئے اس کی تاریخی اہمیت کو تسلیم کیا تھا لیکن اب حکومت تلنگانہ اس تاریخی عمارت کو منہدم کرنے کا فیصلہ کرچکی ہے اور اس سلسلہ میں نوٹس جاری کر دی گئی ہے۔حکومت آندھرا پردیش پر یہ الزامات لگائے جاتے رہے ہیں کہ سابق آندھرائی حکمرانوں نے حیدرآباد و تلنگانہ کی تہذیب کو مسخ کیا ہے لیکن اب جبکہ علحدہ ریاست تلنگانہ ہے اس ریاست میں اس تاریخی عمارت کو منہدم کرنے کا فیصلہ کیا جانا اس شہر کی تہذیب کو مسخ کرنے سے زیادہ اسے صفحۂ ہستی سے مٹانے کے مترادف ہے۔بتایا جاتا ہے کہ رام گوپال پیٹ پولیس اسٹیشن کی اس عمارت کو اندرون چار یوم منہدم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے لیکن اس فیصلہ کے خلاف تاریخی عمارتوں کے تحفظ کیلئے جدوجہد کرنے والی تنظیموں کی جانب سے عدالت سے رجوع ہونے کا امکان ہے کیونکہ یہ عمارت شہر کے تہذیبی ورثہ کی فہرست میں موجود عمارت ہے جسے منہدم کیا جانا شہر کی تاریخی اہمیت کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں نے گذشتہ یوم رام گوپال پیٹ پولیس اسٹیشن کا معائنہ کرتے ہوئے پولیس اسٹیشن کے تخلیہ کی نوٹس جاری کردی ہے اور اس نوٹس کے موصول ہوتے ہی تخلیہ کا عمل بھی شروع کردیا گیا ہے۔ پولیس اسٹیشن کے معائنہ کے دوران دیواروں میں شگاف اور پانی رسنے کی شکایت سامنے آئی اور اسی بنیاد پر اس عمارت کو منہدم کرنے کی نوٹس جاری کی گئی ہے۔ شہر حیدرآباد میں موجود پولیس اسٹیشنوں میں یہ واحد پولیس اسٹیشن باقی رہ گیا ہے جس کی عمارت قدیم طرز تعمیر کا عظیم شاہکار ہے اور آصف جاہی حکمرانوں کے دور کی نشانیوں میں ایک نشانی یہ پولیس اسٹیشن ہے جو چند یوم بعد نظر نہیں آئے گا۔ حکومت کی جانب سے تاریخی عمارتوں کے تحفظ کیلئے اقدامات کے بجائے انہیں منہدم کرنے کے فیصلے حکومت کو عدالتی رسہ کشی کا شکار بنا سکتے ہیں ۔ اسی لئے حکومت کو اس قدیم تاریخی عمارت کو منہدم کرنے کے اقدامات سے قبل اس کا از سر نو جائزہ لینا چاہئے۔