سیکشن 8 پر عمل کا مطالبہ افسوسناک ، پروفیسر کودنڈا رام
حیدرآباد ۔ 25 ۔ جون (سیاست نیوز) تلنگانہ پولیٹیکل جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے صدرنشین پروفیسر گودنڈا رام نے کہا کہ دونوں ریاستوں کے عوام پرامن زندگی بسر کر رہے ہیں لیکن تلگو دیشم پارٹی عوام کے درمیان الجھن پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ پروفیسر کودنڈا رام نے کہا کہ حیدرآباد میں ماضی کے مقابلہ امن و ضبط کی صورتحال مزید بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ آندھرائی طاقتوں کی جانب سے حیدرآباد میں سیکشن 8 پر عمل آوری کا مطالبہ افسوسناک ہے۔ جب دارالحکومت میں امن و ضبط کا کوئی مسئلہ نہیں تو پھر اس سیکشن کے نفاذ کی کوئی گنجائش نہیں ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ٹی آر ایس رکن اسمبلی کی خریدی سے متعلق اسکام کے منظر عام پر آنے کے بعد آندھراپردیش حکومت نے سیکشن 8 کا مسئلہ چھیڑ دیا۔ کودنڈا رام نے کہا کہ اس سے قبل آندھراپردیش حکومت کو اس قانون پر عمل کا خیال کیوں نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ اپنے شخصی مفادات کی تکمیل کیلئے حیدرآباد پر تسلط برقراررکھنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے چندرا بابو نائیڈو اور تلگو دیشم پارٹی پر سخت تنقید کی اور کہا کہ عوامی بھلائی کے کاموں پر توجہ دینے کے بعد سیاسی سرگرمیوں پر ساری توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ انہوںنے کہا کا کہ ریاست کی تقسیم کے بعد دونوں حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل پر توجہ دیں۔ انہوں نے دونوں چیف منسٹرس کو مشورہ دیا کہ وہ سیاسی امور پر توجہ دینے کیے بجائے عوامی بھلائی اور وعدوں کی تکمیل پر توجہ دیں۔