حیدرآباد میں عنقریب اسکول آف کیرو پراکٹک کا قیام: ڈاکٹر فخرالدین محمد

مرکزی و ریاستی حکومتوں سے اجازت کی طلبی، میسکو اسکول میں امریکی ڈاکٹرس کے میڈیکل کیمپ کا اختتام، مختلف شخصیتوں کا خطاب
حیدرآباد ۔ 4 اپریل (پریس نوٹ) کیرو پراکٹک طریقہ علاج دنیا میں رائج ہے اور امریکہ میں متبادل طریقہ علاج کے طور پر جانا جاتا ہے اور وہاں کی عوام اس طریقہ علاج سے استفادہ کررہے ہیں۔ جس طرح کے ہندوستان میں ایلوپیتھک طریقہ علاج سے ہٹ کر متبادل طریقہ علاج کے طور پر یونانی، آیورویدک، ہومیوپیتھک، یوگا، سدھا، قدرتی طریقہ علاج کے طو رپر رائج ہیں۔ جناب ضیاء الدین نیر پالمیر یونیورسٹی امریکہ کی جانب سے ادارہ سیاست کے تعاون سے منعقدہ پانچ روزہ مفت کیرو پراکٹک میڈیکل کیمپ کا میسکو گریڈس اسکول ملک پیٹ میں اختتامی جلسہ کے موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ انہوں نے اس موقع پر ادارہ سیاست، میسکو اور اعظم ووکیشنل جونیر کالج کے انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا جن کے تعاون سے یہ کیمپ منعقد کیا گیا۔ انہوں نے پروفیسر معین انصاری کا شکریہ ادا کیا جن کی شخصی دلچسپی سے گذشتہ کئی برسوں سے کیرو پراکٹک کیمپ حیدرآباد میں منعقد کیا جارہا ہے ۔ پروفیسر معین انصاری صدرنشین بورڈ آف نیوٹریشن پالمیر یونیورسٹی نے کہا کہ کیرو پراکٹک ڈاکٹرز ہندوستان اور خاص طور پر حیدرآبادی عوام کی طبی خدمات کے جذبہ کے تحت حیدرآباد کا دورہ کررہے ہیں اور گذشتہ 18 برسوں سے ہزاروں مریضوں نے استفادہ کیا۔ ڈاکٹر فخرالدین محمد اعزازی سکریٹری میسکو نے اپنی تقریر میں کہا کہ پروفیسر معین انصاری کی زیرنگرانی اکٹوبر 1997ء سے پالمیر کالج کے ڈاکٹرز ہندوستان اور خاص طور پر حیدرآباد کا دورہ کررہے ہیں۔ ابتداء میں درشہوار ہاسپٹل میں ادارہ میسکو اور پھر میڈون ہاسپٹل، ڈاکٹر وزارت رسول خاں کے شاداں میڈیکل کالج و ہاسپٹل کے بعد گذشتہ کئی برسوں سے ادارہ سیاست کی سرپرستی اور تعاون سے کیرو پراکٹک منعقد کیا جارہا ہے اور سال گذشتہ کیرالا کے شہر کالی کٹ میں کیرو پراکٹک میڈیکل کیمپ کا انعقاد عمل میں لایا گیا تھا۔ انہیں امید ہیکہ پالمیر یونیورسٹی امریکہ ہندوستان کے دوسرے مقامات جیسے دہلی، علیگڑھ، بنگلور، کرناٹک میں بھی کیرو پراکٹک کیمپ منعقد کئے جائیں گے۔ ڈاکٹر فخرالدین محمد نے کہا کہ حکومت ہند اور ریاستی حکومت تلنگانہ کی منظوری کے بعد اسکول آف کیرو پراکٹک میڈیسن کا عنقریب حیدرآباد میں آغاز ہوگا، جس میں پالمیر کیرو پراکٹک یونیورسٹی امریکہ کا تعاون حاصل ہو۔ انہوں نے اس موقع پر ڈاکٹر معین انصاری اور محترمہ شاہدہ انصاری کی گذشتہ 18 برسوں سے جہد مسلسل پر ان کی خدمات پر زبردست خراج تحسین ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ اسی طرح سے وہ کیروپراکٹک میڈیکل کیمپ کے ذریعہ غریب مریضوں کی خدمت کرتے رہیں گے۔ ڈاکٹر خواجہ زماں خاں چیف میڈیکل آفیسر میسکو نے بھی مخاطب کیا اور کیرو پراکٹک ڈاکٹرز کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے گذشتہ 5 دن میسکو گریڈس اسکول میں بچوں کے معائنہ کے علاوہ بڑوں، عورتوں اور مردوں کا علاج مفت کیا۔ اس موقع پر فیکلٹی ممبرز ڈاکٹر تملی کلرک، ڈاکٹر بونک ہیربرٹ، ڈاکٹر جے ایسڈ نے بھی مخاطب کیا۔ ادارہ سیاست میسکو کی مہمان نوازی اور یہاں کے مریضوں کی خدمت کو اپنا فرض قرار دیا۔ محترمہ شاہدہ انصاری نے اپنی تقریر میں پالمیر یونیورسٹی کی جانب سے ادارہ سیاست اور میسکو کے ذمہ داروں کا شکریہ ادا کیا جن کے تعاون سے کیرو پراکٹک میڈیکل کیمپ کا کامیاب انعقاد عمل میں آیا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی ڈاکٹر فخرالدین محمد، جناب ضیاء الدین نیر، ڈاکٹر خواجہ زماں خاں، فیکلٹی ممبرز کے ہاتھوں اعظم ووکیشنل جونیر کالج کے تمام پیرا میڈیکل اسٹاف کو سند کے ساتھ ساتھ تحفے بھی دیئے گئے۔ ادارہ سیاست کی جانب سے کیرو پراکٹک ڈاکٹرز کو اخباروں کے تراشے اور تحفے دیئے گئے۔ اس موقع پر ڈاکٹر فخرالدین محمد کے ہاتھوں کیمپ کے کام کرنے والے جناب ایم این بیگ، جناب خالد محی الدین اسد، جناب فہیم انصاری، جناب محمد ذیشان، جناب شیخ نظام الدین لئیق، جناب رشید صدیقی، جناب مرزا مکرم علی بیگ، جناب احمد صدیقی میکش، جناب محمد برکت علی کو سرٹیفکیٹ دیئے گئے۔ اس موقع پر محترمہ رفیعہ ہادی پرنسپل میسکو گریڈس اسکول ملک پیٹ، جناب میر سعادت علی ناصر اے او میسکو گریڈس، جناب محمد نعیم، میسکو انسٹیٹیوٹ کے اسٹاف کی کثیر تعداد موجود تھی۔ آخر میں ڈاکٹر سید غوث الدین کوآرڈینیٹر کیمپ نے شکریہ ادا کیا۔