حکومت آندھراپردیش پر غیرضروری تنازعہ کھڑا کرنے کا الزام، وزیر آئی ٹی تلنگانہ کے ٹی آر کا بیان
حیدرآباد۔/27جون، ( سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے واضح کیا کہ حیدرآباد میں تنظیم جدید قانون کے سیکشن 8 پر عمل آوری کی کوئی گنجائش نہیںہے۔ انہوں نے کہا کہ دستوری ترمیم کے بغیر گورنر کو لاء اینڈ آرڈر کے مسئلہ پر اختیارات نہیں دیئے جاسکتے۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ سیکشن 8کے بارے میں آندھرا پردیش حکومت غیر ضروری تنازعہ کھڑا کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اچانک چندرا بابو نائیڈو کو اس سیکشن پر عمل آوری کا خیال کیوں آیا۔ کے ٹی آر نے کہا کہ نوٹ برائے ووٹ اسکام میں واضح ثبوت کے ساتھ پھنس جانے کے بعد چندرا بابو نائیڈو قانونی کارروائی سے بچنے کیلئے اس سیکشن پر عمل آوری اور لاء اینڈ آرڈر کے اختیارات گورنر کو سونپنے کی مانگ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ارون جیٹلی نے اپوزیشن میں رہتے ہوئے سیکشن 8 پر عمل آوری کے سلسلہ میں وضاحت کردی تھی لہذا مرکزی حکومت کو مزید کسی وضاحت یا مداخلت کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں امن و ضبط کی صورتحال پوری طرح قابو میں ہے لہذا گورنر کی مداخلت کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن سے متعلق معاملہ کو سیاسی اغراض کیلئے استعمال کرنا مناسب نہیں ہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ تلنگانہ حکومت ریاست کے مفادات اور عوام کی ترقی کیلئے سنجیدگی سے کام کررہی ہے جبکہ چندرا بابو نائیڈو اپنے شخصی مفادات کی تکمیل کے بجائے آندھرا پردیش کے عوام کی ترقی کیلئے کام کریں تو مناسب رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو کو ان 5کروڑ عوام کی بھلائی کی کوئی فکر نہیں ہے جنہوں نے انہیں اقتدار تک پہنچایا ہے۔ چندرا بابو نائیڈو کو صرف اس بات کی فکر ہے کہ کس طرح 5کروڑ روپئے کے نوٹ برائے ووٹ اسکام سے خود کو بچایا جائے۔ راما راؤ نے کہا کہ آندھرا پردیش کے عوام بھی چندرا بابو نائیڈو کی ان حرکتوں کو اچھی طرح سمجھ چکے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ چندرا بابو نائیڈو اپنی غلطیوں کی سزا آندھرا پردیش کے عوام کو دے رہے ہیں۔ انتخابات سے قبل عوام سے جو وعدے کئے گئے تھے ان کی تکمیل پر توجہ دی جانی چاہیئے۔برخلالف اس کے کرپشن سے متعلق اسکام کو دونوں ریاستوں کے درمیان تنازعہ کی صورت میں پیش کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اسکام سے دونوں ریاستوں کے عوام کا کوئی تعلق نہیں۔ کے ٹی آر نے اینٹی کرپشن بیورو کی کارروائیوں میں حکومت کی مداخلت اور چندرا بابونائیڈو کے دیگر قائدین کے ٹیلی فون ٹیاپنگ سے تلنگانہ حکومت کی لاتعلقی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت کو عوام سے کئے گئے وعدوں پر عمل آوری میں دلچسپی ہے اور اس نے حالیہ عرصہ میں کئی نئے پراجکٹس کا آغازکیا ہے۔