حیدرآباد۔ یکم فبروری (سیاست نیوز) حکومت نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے حدود میں سڑکوں کی تعمیر اور دیگر مرمتی کاموں کے سلسلہ میں 721 کروڑ 86 لاکھ کی منظوری دی ہے۔ اس سلسلہ میں احکامات جاری کیے گئے۔ بلدی نظم اور شہری ترقی محکمہ کی جانب سے جاری کردہ احکامات کے مطابق گریٹر حیدرآباد میں 120 کاموں کی نشاندہی کی گئی جن کی تکمیل مذکورہ بجٹ سے کی جائے گی۔ ان میں 53 بی ٹی روڈس کی تعمیر کے لیے 390 کروڑ 66 لاکھ خرچ کیے جائیں گے۔ 51 سی سی روڈس کی تعمیر کے لیے 282 کروڑ 57 لاکھ منظور کیے گئے۔ 5 سڑکوں کی وائٹ ٹیاپنگ کے لیے 40 کروڑ 39 لاکھ اور دیگر 11 کاموں کے لیے 28 کروڑ 53 لاکھ کی منظوری دی گئی۔ کمشنر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن اور منیجنگ ڈائرکٹر حیدرآباد روڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کو مذکورہ کاموں کی تکمیل کی ذمہ داری دی گئی ہے۔