حیدرآباد، 23جنوری (یواین آئی )شہر حیدرآباد میں سوائن فلو سے ایک اور موت واقع ہوگئی ۔ ضلع محبوب نگر کے ناگر کرنول کے تانڈور منڈل سے تعلق رکھنے والے 31 سالہ لکشمیا کی گاندھی اسپتال میں موت ہوگئی ۔ وہ پرائیویٹ اسپتال میں زیر علاج تھا تاہم بعد ازاں اسے طبیعت کے بگڑنے پر گاندھی اسپتال منتقل کیا گیا تھا ۔اس طرح لکشمیا کی موت کے بعد شہر حیدرآباد میں سوائن فلو سے مرنے والے افراد کی تعداد بڑھ کر 5تک جاپہونچی ۔ ابھی بھی گاندھی اسپتال میں 8افراد زیر علاج ہیں۔ سوائن فلو کی علامات کے ساتھ کئی افراد روزانہ گاندھی اسپتال سے رجوع ہورہے ہیں۔ درجہ حرارت میں گراوٹ سے H1N1 وائرس پھیل رہا ہے ۔ ریاست کے محکمہ صحت و طبابت نے احتیاط کرنے کی عوام سے اپیل کی ہے ۔ جنوری سے 223 سے زائد سوائن فلو کے معاملات سامنے آئے جن میں 35 مثبت پائے گئے اور 5 افراد کی موت واقع ہوگئی ۔ شہر حیدرآباد میں ابھی بھی مختلف اسپتالوں میں سوائن فلو کے مریض زیر علاج ہیں ۔ درجہ حرارت میں کمی سے یہ وائرس پھیل رہا ہے ۔ سوائن فلو سے متاثر افراد کو علحدہ وارڈ میں رکھا جارہا ہے ۔ گزشتہ سال اگست سے اس سال جنوری تک کئی افراد سوائن فلو سے متاثر ہوئے ہیں۔حیدرآباد اور رنگاریڈی میں سوائن فلو کے معاملات درج کئے گئے ہیں۔ ذیابیطس ‘ حاملہ خواتین اور دمہ کے مریضوں کو اس وائرس سے چوکس رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے ۔