وبائی امراض کے واقعات میں اضافہ پر عوام کا اظہار تشویش
حیدرآباد ۔ 17 ڈسمبر ۔ ( سیاست نیوز) شہر میں سوائن فلو کے باعث دو اموات واقع ہوئی ہیں ۔ گاندھی ہاسپٹل میں شریک 20 سالہ جیڈی میٹلہ کی خاتون کے علاوہ میدک سے تعلق رکھنے والے 42 سالہ شخص کی آج علاج کے دوران موت واقع ہوگئی ۔ دونوں متوفی مریضوں کے مطابق دواخانہ کے انتظامیہ نے اس بات کی توثیق کی ہے کہ دونوں مریضوں کو سوائن فلو کے علامات کے ساتھ دواخانہ میں شریک کیا گیا تھا ۔ حیدرآباد و سکندرآباد میں گزشتہ کئی ماہ سے وبائی امراض کے واقعات میں بتدریج اضافہ ہوتا نظر آرہا ہے لیکن جولائی کے بعد پہلی مرتبہ سوائن فلو کے کیسیس منظرعام پر آئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ جاریہ ماہ کے اوائل میں 4 مریض سوائن فلو کی علامات کے ساتھ دواخانہ سے رجوع ہوئے تھے جن کا کامیاب علاج کیا گیا لیکن دو مریضوں کی اموات کے بعد شہر میں سوائن فلو کے واقعات میں اضافہ کے خدشات کا اظہار کیا جارہا ہے ۔ علاوہ ازیں سوائن فلو کے ساتھ ساتھ برڈ فلو کے متعلق بھی مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیدار خدشات کا شکار بنے ہوئے ہیں۔ گزشتہ پانچ ماہ کے دوران سوائن فلو کے سبب ایک بھی موت واقع نہیں ہوئی ۔ جاریہ سال ماہ جولائی میں سوائن فلو کے سبب ایک موت ہوئی تھی جس کا ریکارڈ موجود ہے ۔ گاندھی ہاسپٹل کے عہدیداروں کے بموجب مزید دو مریض سوائن فلو کی علامات کے ساتھ زیرعلاج ہیں اور دواخانہ کے انتظامیہ کی جانب سے اُن کے بہتر سے بہتر علاج کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ شدت سے بخار ، کھانسی اور سردرد کے علاوہ دیگر علامات کے ساتھ دواخانہ سے رجوع ہونے والے مریضوں کا سوائن فلو ٹسٹ کرتے ہوئے اُن کا علاج کئے جانے کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں ۔ دونوں شہروں میں صاف صفائی کے انتظامات کو بہتر بنانے کے عمل کا آغاز فوری طورپر کئے جانے کی ضرورت ہے چونکہ سوائن فلو و دیگر بیماریوں کی علامات و اموات کا تعلق گندگی اور مچھروں کی کثرت سے ہے ۔ علاوہ ازیں چند ماہ قبل پرانے شہر کے علاقہ عیدی بازار میں ہوئی یکے بعد دیگرے اموات پر بھی اسی طرح کے شبہات کا اظہار کیا گیا لیکن مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد یا کسی سرکاری دواخانہ کی جانب سے اس کی تصدیق نہیں کی گئی لیکن اب جبکہ گاندھی ہاسپٹل انتظامیہ نے اس بات کی تصدیق کردی ہے کہ دو افراد کی موت سوائن فلو کے سبب دوران علاج واقع ہوئی ہے تو ایسی صورت میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کو فوری حرکت میں آتے ہوئے شہر میں صاف صفائی کے انتظامات کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ سوائن فلو کے متعلق شعور بیداری مہم کا بھی آغاز کرنا چاہئے ۔ ریاست کیرالا میں برڈ فلو کے سبب ہزاروں مرغیوں اور انڈوں کو تلف کرنے کے بعد سے جو خدشات میں اضافہ ہوا ہے اُس سے ایسا محسوس ہوتا ہیکہ ریاست تلنگانہ میں بھی کسی وقت برڈ فلو جیسے خطرناک مرض کی ڈاکٹرس توثیق کریں ۔ چونکہ سوائن فلو کی توثیق ڈاکٹرس کی جانب سے سرکاری دواخانہ میں دو اموات کے بعد کی گئی ہے اور حالیہ عرصہ میں کیرالا ، کرناٹک اور ٹاملناڈو کے علاوہ آندھراپردیش میں بھی سوائن فلوکے واقعات منظرعام پر آچکے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ جاریہ سال سوائن فلو سے مرنے والوں کی تعداد ریاست آندھراپردیش و تلنگانہ میں 12 سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ سال گزشتہ متحدہ آندھراپردیش میں سوائن فلو کے سبب 8 اموات درج کی گئی تھی۔