حیدرآباد میں سردی کی لہر میں اضافہ‘ نواحی علاقوں میں گہرا کہر

حیدرآباد۔3 دسمبر (یواین آئی)شہر میں گزشتہ دو دن سے سردی کی لہر میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ نواحی علاقوں میں سردی کے ساتھ کہر کی گھنی چادر علی الصبح شروع ہورہی ہے 9 بجے تک اس کا اثر ہے جس سے گاڑیوں کی آمد و رفت متاثر ہو رہی ہے ۔نواحی علاقوں بالخصوص شمس آباد ائرپورٹ جانے والی روڈ سمیت آوٹر رنگ روڈ پر کہر کی گھنی چادر نظر آرہی ہے ۔ صبح کے وقت چہل قدمی کرنے والوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ لوگ سردی سے بچنے مختلف تدابیر اختیار کر رہے ہیں ۔گرم کپڑوں اور لحافوں و سوئیٹرس کی فروخت میں اضافہ ہوگیا ۔ آندھراپردیش کے وشاکھامنیم کے ایجنسی علاقوں میں کہر سے خوب صورت نظارہ دیکھنے کو مل رہا ہے ۔ دس منڈلوں میں درجہ حرارت دس ڈگری تک جاپہنچا ہے ۔ پاڈیرو ، لمباسنگی ، چنتاپلی میں درجہ حرارت10ڈگری سلسیس درج کیا گیا ۔