ڈیولپرس کی پرکشش ترغیبات کے باوجود عوام کی خریداری میں عدم دلچسپی
حیدرآباد ۔ 16 ۔ فروری : ( ایجنسیز ) : شہر میں فلیٹس کی مانگ میں گذشتہ سال نمایاں کمی واقع ہوئی ہے ۔ پراپرٹی کنسلٹنٹس کشمین اینڈ ویک فیلڈ کی تازہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہندوستان کے 8 معروف شہروں میں گزشتہ سال کئی نئے رہائشی یونٹس شروع کئیے گئے لیکن ان کی فروخت میں ریکارڈ گراوٹ دیکھی گئی ۔ حیدرآباد سارے ملک میں سب سے زیادہ متاثر رہا جہاں ان یونٹس میں 46 فیصد کی گراوٹ آئی ہے ۔ ڈیولپرس کی جانب سے مارکٹ کی بدلتی صورت حال کے باوجود پرکشش ترغیبات دی گئیں لیکن اس کا بھی کوئی اثر نہیں ہوا ۔ یہی نہیں بلکہ ریاست آندھرا پردیش کی تقسیم کا بھی رئیل اسٹیٹ شعبہ پر منفی اثر پڑا ہے ۔ حیدرآباد میں سال 2014 کے دوران تقریبا 5500 یونٹس شروع کئے گئے جو گذشتہ سال کے مقابلے 46 فیصد کم ہیں ۔ ان وینچرس کی تعداد میں کمی کی ایک اہم وجہ پہلے سے موجود وینچرس کی عدم فروخت ہے ۔ رپورٹ کے مطابق شہر کے شمال مغربی علاقے جیسے نلہ گنلا ۔ باچو پلی اور تلا پور میں زیادہ سے زیادہ وینچرس پائے جاتے ہیں ۔ اس کے علاوہ آئی ٹی شہروں میں جیسے مادھا پور ، گچی باولی ، میاں پور اور نظام پیٹ میں بھی کئی وینچرس فروخت نہیں ہوئے ہیں اور جوں کے توں رکھے ہوئے ہیں ۔ ڈیولپرس کی جانب سے خریداروں کو مختلف مراعات جیسے مفت موڈیولر کچن ، مفت کار ، ڈسکاونٹس وغیرہ کی پیشکش کی جارہی ہے اس کے باوجود یہ اسکیمات خریداروں کو راغب کرنے میں کامیاب ثابت نہیں ہورہی ہیں ۔۔