قانون دوکانات و ادارہ جات کو مرکزی کابینہ کی منظوری
حیدرآباد ۔ 30 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : حیدرآباد میں رات تمام کاروبار جاری رکھنے کی راہ ہموار ہوگئی جب کہ مرکزی کابینہ نے کل شاپس اینڈ اسٹابلشمنٹ ایکٹ ( قانون دوکانات و ادارہ جات ) کو منظوری دے دی ۔ اس قانون کے نفاذ کے ساتھ سنیما ہالس ، ریستوران ، دوکانات ، بنکس اور دوسرے کام کے مقامات 24 گھنٹے کھلے رکھنے کی اجازت ہوگی ۔ یہ ایکٹ ریاستوں کے لیے قانون نافذ کرنے ایک نمونہ کے طور پر منظور کیا گیا ہے ۔ ایسا قانون نافذ ہونے کے بعد دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں رات دیر گئے کاروبار بند کرانے کے لیے سائرن بجانے کی ضرورت نہیں ہوگی ۔ پرانا شہر ، کے علاوہ مہدی پٹنم ، گچی باولی ، مادھا پور اور دوسرے مقامات پر اس وقت بھی کاروبار رات دیر گئے تک جاری رہتا ہے ۔ مادھا پور میں آئی ٹی سیکٹر میں کام کرنے والوں کی شفٹ رات دیر گئے ختم ہوتی ہے اور ان کے لیے فوڈ اسٹالس کھلے رہتے ہیں ۔ وہاں پولیس نے دوکانداروں کو رات ایک بجے تک کاروبار کی اجازت دی ہے ۔ دوکاندار 2 بجے شب تک کاروبار جاری رکھنا چاہتے ہیں ۔ اب نئے قانون کے نفاذ سے رات بھر کاروبار کی آزادی ہوگی ۔ معظم جاہی مارکٹ اور چارکمان جیسے علاقوں میں دوسہ ، بریڈ اور آملیٹ کا کاروبار رات بھر جاری رہتا ہے ۔ نئے قانون کے نفاذ سے راتوں کا کاروبار باقاعدہ ہوجائے گا ۔ بیوپاریوں کا احساس ہے کہ رات بھر کاروبار جاری رہنے سے حیدرآباد کی معیشت کو تقویت حاصل ہوگی ۔ رمضان میں رات بھر بازار کھلے رہنے سے کاروبار میں کئی گنا اضافہ ہورہا ہے ۔۔