حیدرآباد میں رئیل اسٹیٹ شعبہ میں گراوٹ

نئی دہلی۔/5 مارچ، ( پی ٹی آئی) حیدرآباد میں سال 2013ء کے دوران مکانات کی فروخت میں 4فیصد گراوٹ آئی تاہم غیریقینی سیاسی صورتحال کے خاتمہ اور تلنگانہ کی تشکیل کے فیصلہ کے بعد توقع ہے کہ جاریہ سال یہ رجحان تبدیل ہوگا۔ پراپرٹی کنسلٹنٹ نائٹ فرینک نے بتایا کہ حیدرآباد میں رہائشی مارکٹ 2013ء میں جمود کا شکار رہی۔ رہائشی امکنہ کی فروخت میں سال 2012ء کے مقابلہ 4فیصد کمی آئی۔ ایک اندازہ کے مطابق 16500 رہائشی یونٹس سال 2013ء میں فروخت کئے گئے۔ معاشی سست روی، بینکوں کی شرح سود میں اضافہ، افراطِ زر کی بڑھتی شرح اور غیرمستحکم سیاسی حالات وہ عوامل تھے جس نے رئیل اسٹیٹ پر کافی منفی اثر ڈالا۔

ریاست کی تقسیم کے خلاف سپریم کورٹ میں رِٹ درخواست
راجمندری۔/5مارچ، ( پی ٹی آئی) سیما آندھرا لائیرس جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے معاون کنوینر ایم سبا راؤ نے دیگر بار اسوسی ایشن صدور کے ساتھ آندھرا پردیش کی تقسیم کے خلاف سپریم کورٹ میں رٹ پٹیشن داخل کی ہے۔ توقع ہے کہ اس درخواست پر 7مارچ کو سماعت ہوگی۔ انہوں نے مرکزی حکومت پر دستور ہند کے قواعد کے خلاف آندھرا پردیش کی تقسیم کا الزام عائد کیا۔انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے ریاست کی تقسیم کے لئے خاطرخواہ مشاورت ضروری نہیں سمجھی۔