مفاد پرست گوشوں کی جانب سے اطلاعات پھیلانے کا الزام ۔ ٹی آر ایس جنرل سکریٹری کے کیشو راؤ کا بیان
حیدرآباد ۔ 23 ۔ جون (سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے قومی سکریٹری جنرل اور رکن راجیہ سبھا ڈاکٹر کیشو راؤ نے واضح کیا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے حیدرآباد میں سیکشن 8 پر عمل آوری اور زائد اختیارات سے متعلق اور زائد اختیارات سے متعلق کوئی اطلاع گورنر ای ایس ایل نرسمہن کو نہیں ہے۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیشو راؤ نے کہا کہ مرکز یا مرکزی وزارت داخلہ نے اس مسئلہ پر ابھی تک گورنر کو کوئی اطلاع نہیں دی۔ لہذا حیدرآباد میں سیکشن 8 پر عمل آوری اور لاء اینڈ آرڈر کی ذمہ داری گورنر کو دیئے جانے سے متعلق اطلاعات بعض گوشوں کی جانب سے غیر ضروری طور پر پھیلائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت یا وزارت داخلہ نے ابھی تک اس بارے میں گورنر سے بات چیت نہیں کی۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ نوٹ برائے ووٹ اسکام کی تحقیقات پر اثر انداز ہونے کیلئے بعض گوشوں کی جانب سے اس طرح کی بے بنیاد خبریں پھیلائی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں ارکان اسمبلی کو خریدی کا معاملہ منظر عام پر آیا اور تلگو دیشم رکن اسمبلی ریونت ریڈی رنگے ہاتھوں گرفتار کئے گئے۔ اینٹی کرپشن بیورو اس بات کی کوشش کر رہی ہے کہ اس اسکام کے پس پردہ دیگر عناصر کو بے نقاب کیا جاسکے۔ کیشو راؤ نے کہا کہ اینٹی کرپشن بیورو مکمل آزادی اور غیرجانبداری کے ساتھ اس اسکام کی تحقیقات کر رہا ہے اور ٹی آر ایس کا اس تحقیقات سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ آندھراپردیش حکومت اس اسکام سے خود کو بچانے کیلئے سیکشن 8 کا ہوا کھڑا کر رہی ہے۔ کیشو راؤ نے کہا کہ حیدرآباد میں لاء اینڈ آرڈر کا کوئی مسئلہ نہیں ہے اور تلنگانہ کابینہ کو فیصلوں کے مکمل اختیارات حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ گورنر بھی قانون اور دستور سے اچھی طرح واقف ہیں اور سیکشن 8 کا مطلب یہ نہیں کہ بے قاعدگیوں اور کرپشن میں ملوث افراد کو گرفتار نہ کیا جائے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ لاء اینڈ آرڈر اور پولیس کے معاملات میں ریاستی حکومت کو مکمل اختیارات حاصل ہے۔ صدر جمہوریہ بھی عام طور پر ریاستی حکومتوں کے معاملات میں مداخلت نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن سے متعلق اسکام سے توجہ ہٹانے کیلئے تلگو دیشم پارٹی مرکز پر گورنر کو زائد اختیارات کی مانگ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ریاست کی پولیس کو کیبل ایکٹ کے تحت دوسری ریاست میں نوٹس جاری کرنے کا کوئی اختیار نہیں ہے۔ ایک تلگو نیوز چیانل کو آندھراپردیش پولیس کی نوٹس کا حوالہ دیتے ہوئے ڈاکٹر کیشو راؤ نے کہا کہ آندھراپردیش پولیس نے قواعدکی خلاف ورزی کی ہے اور اس کا اقدام اختیارات سے تجاوز ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں سیکشن 8 پر عمل آوری کا کوئی امکان نہیں ہے کیونکہ حیدرآباد انتہائی پرسکون ہے اور امن و ضبط کا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ قانون کے مطابق اگر کوئی مسئلہ پیدا ہوتا ہے تو حکومت اس سلسلہ میں گورنر کو تفصیلات سے واقف کرانے کی پابند ہے اور گورنر بھی حکومت سے اس مسئلہ پر بات چیت کرسکتے ہیں۔ چندرا بابو نائیڈو پر سخت تنقید کرتے ہوئے کیشو راؤ نے کہا کہ نائیڈو نے آج تک اس بات کی وضاحت نہیںکی کہ آڈیو ٹیپ میں موجود آواز ان کی نہیں ہے۔ اس مسئلہ کی وضاحت کئے بغیر تلنگانہ حکومت پر فون ٹیاپنگ کا الزام عائد کر رہے ہیں۔ کیشو راؤ نے کہا کہ تلنگانہ حکومت کو فون ٹیاپنگ سے کوئی دلچسپی نہیں اور نہ ہی وہ اینٹی کرپشن بیورو کی تحقیقات میں مداخلت کر رہی ہے۔