12 ستمبر سے تلنگانہ و آندھرا پردیش کے عازمین حج کی روانگی کا آغاز ، اسپیشل آفیسر حج کمیٹی کا بیان
حیدرآباد 18 اگست (سیاست نیوز) حج 2014 کی تیاریوں کا حج کمیٹی کی جانب سے آغاز ہوچکا ہے اور 12 ستمبر سے حج کیمپ منعقد ہوگا ۔ حج ہاوز نامپلی میں منعقد ہونے والے اس کیمپ سے تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے عازمین حج روانہ ہوں گے اور یہ دونوں ریاستوں کے عازمین کی ایک ساتھ روانگی کا آخری سال ہوگا ۔ حج 2015 سے دونوں ریاستوں کے عازمین حج اپنی اپنی ریاستوں سے روانہ ہوں گے۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ جاریہ ماہ کی اواخر میں حج کیمپ کی تیاریوں اور شمس آباد انٹر نیشنل ایر پورٹ سے عازمین حج کی روانگی کے سلسلہ میں انتظامات کو قطعیت دینے کیلئے تمام محکمہ جات کا مشترکہ اجلاس طلب کیا جائے گا ۔ توقع ہے کہ یہ اجلاس 30 اگست کو منعقد ہوگا جس میں جی ایم آر ،سعودی ایر لائنس ،کسٹمس،ایمیگریشن ،پولیس ،گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن ،برقی اور دیگر محکمہ جات کے عہدیدار شرکت کریں گے ۔ اس اجلاس کے سلسلہ میں چیف منسٹر چندرا شیکھر راو کو واقف کرایاجائے گا جو محکمہ اقلیتی بہبود کا قلمدان بھی اپنے پاس رکھتے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ حج کیمپ کے انعقاد کے سلسلہ میں حج ہاوز کے احاطہ میں صفائی کے انتظامات اور حج ہاوز میں ڈرین پائپ لائن کی تبدیلی کے سلسلہ میں وقف بورڈ کی توجہ مبذول کروائی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ عازمین حج کیلئے ٹیکہ اندازی کیمپ کے سلسلہ میں سنٹرل حج کمیٹی کو اطلاع دی گئی ہے چینائی سے ویکسینشن کی وصولی کے ساتھ ہی حیدرآباد اور اضلاع میں ٹیکہ اندازی کیمپ منعقد کئے جائیں گے ۔ 14 تا 28 ستمبر عازمین حج کی روانگی کیلئے انڈین ایر لائنس جملہ 18 اڑانیں بھرے گا ۔ توقع ہے کہ عازمین کی تعداد میں اضافہ کے سبب مزید دو فلائٹس کا اضافہ ہوگا ۔ کرناٹک کے رائچور ،بیدر اور گلبرگہ کے عازمین حج حیدرآباد سے روانہ ہوں گے جبکہ چتور اور اننت پور کے عازمین بنگلور سے پرواز کریں گے ۔ حج کمیٹی کے جملہ 5380 کا کوٹہ مقرر کیا گیا ہے اس کے علاوہ 594 ویٹنگ لسٹ کو بھی منظوری حاصل ہوچکی ہے ۔ مزید ویٹنگ لسٹ کی منظوری کے امکانات کے سبب 800 تک کہ ویٹنگ لسٹ عازمین سے پاسپورٹس طلب کئے گئے ہیں ۔ انہیں 20 اگست تک اپنے پاسپورٹس داخل کرنے ہوں گے ۔ عازمین حج کی پہلی فلائیٹ 14 ستمبر کو 11.30 بجے دن پرواز کرے گی ۔ یہ پہلا موقع ہے جب زیادہ تر پروازیں دن کے اوقات میں ہوں گی۔ تمام فلائیٹس مکہ مکرمہ روانہ ہوں گے جبکہ واپسی مدینہ منورہ سے ہوگی ۔ ہر فلائیٹ میں 350 افراد کی گنجائش رہے گی ۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ جملہ عازمین میں آندھرا پردیش کے 1908 اور تلنگانہ کے 3472عازمین شامل ہیں ۔ شمس آباد انٹر نیشنل ایر پورٹ پر خصوصی حج ٹرمینل میں انتظامات کے سلسلہ میں جی ایم آر کمپنی کی توجہ مبذول کروائی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ حجاج کرام کیلئے 5لیٹر زم زم فراہم کیا جائے گا جبکہ مدینہ منورہ میں کھانے کے انتظامات کئے گئے ہیں جس کیلئے علحدہ رقم وصول نہیں کی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ فی عازم 2100 ریال واپس کئے جائیں گے ۔