حیدرآباد میں بھی پانی مفت فراہم کیا جاسکتا ہے

حیدرآباد ۔ 2 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : دہلی میں اروند کجریوال کی جانب سے عوام کے لیے مفت پانی کی سربراہی اور رعایتی شرح پر برقی کی فراہمی جیسی اسکیمات کے اعلان کے بعد اب حیدرآباد میں فورم فار گڈ گورنینس کی جانب سے حیدرآباد میں اس طرح کے اقدامات کی مانگ کی جارہی ہے ۔ فورم فار گڈ گورنینس نے آج اس احساس کا اظہار کیا کہ جب اے اے پی حکومت دہلی میں غریب عوام کے لیے مفت پانی اسکیم پر عمل درآمد کرسکتی ہے تو حیدرآباد میں بھی اس طرح کی سہولت کو چند اقدامات کرتے ہوئے فراہم کیا
جاسکتا ہے ۔

جیسے سرکاری محکمہ جات اور خانگی کمپنیوں سے بھاری بقایہ جات کی وصولی ، آج یہاں ایک پریس کانفرنس سے مخاطب کرتے ہوئے فورم کے سکریٹری ایم پدمنا بھا ریڈی نائب صدر راؤ چیلیکنی اور جوائنٹ سکریٹری ایس سرینواس ریڈی نے بتایا کہ بین الاقوامی معیارات کے مطابق ہر شخص کو یومیہ 135 لیٹر پانی درکار ہوتا ہے لیکن حیدرآباد واٹر بورڈ کی جانب سے بمشکل 80 لیٹر پانی فراہم کیا جارہا ہے اور گرما میں یہ مقدار اور گھٹ جاتی ہے ۔ فورم نے مزید کہا کہ واٹر بورڈ کی جانب سے فراہم کئے گئے آٹھ لاکھ آبی کنکشنس کے منجملہ صرف پانچ لاکھ کنکشنس ہی کی جانب سے آبرسانی بلز کی ادائیگی کی جاتی ہے ۔ پانی کی سربراہی اور بلز کی وصولی کے درمیان بڑے فرق کے علاوہ تقریبا 30 فیصد ٹریٹیڈ واٹر لیکیجس کے باعث ضائع ہورہا ہے ۔۔