حیدرآباد میں بھکارن کے پاس دو لاکھ روپئے نقد رقم پائی گئی

حیدرآباد5نومبر(یواین آئی)گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی)اور پولیس جس نے موسی رام باغ چوراہے کے قریب ایک ضعیف بھکارن کو بھیک مانگتے ہوئے دیکھا ،چنچل گوڑہ جیل کے بازآبادکاری مرکز منتقل کیا ۔انہیں یہ دیکھ کر حیرانی ہوئی کہ اس کے تھیلے میں دو لاکھ روپئے سے زائد کی رقم ہے ۔اس بھکارن کی شناخت پنٹماں کے طورپر کی گئی ہے جو نلگنڈہ ضلع کے مریال گوڑہ میں اپنے دوبیٹوں کے ساتھ مقیم تھی ۔60گز زمین فروخت کرنے پر اس کو دو لاکھ روپئے کی رقم ملی تھی جس میں سے ایک لاکھ روپئے کی رقم اس نے اپنے خاندان کے حوالے کردی تھی ۔جب اس کے ایک بیٹے کی موت ہوگئی اور دوسرالاپتہ ہوگیا تو وہ گھر چھوڑ کر نکل گئی ۔وہ 2011میں حیدرآباد پہنچی اور موسی رام باغ کے ٹی وی ٹاور کے قریب بھیک مانگنا شروع کردیا۔ پولیس نے ایس بی آئی میں اس کااکاونٹ کھلوایا اور یہ رقم اس میں جمع کروایا۔