جامع رپورٹ کی تیاری کیلئے ریاستی حکومت پر زور ، مرکزی وزیر لیبر بنڈارو دتاتریہ کا بیان
حیدرآباد ۔ 23 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : مرکزی وزیر لیبر بنڈارو دتاتریہ نے آج ریاستی حکومت پر زور دیا کہ وہ شہر حیدرآباد میں گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے تحت بلدی انتظامات انفراسٹرکچر کو فروغ دینے کیلئے مستقبل کا 50 سال منصوبہ ذہن میں رکھ کر منصوبہ تیار کرے اور تفصیلی رپورٹ روانہ کردے وہ اس منصوبہ رپورٹ کے ساتھ مرکزی حکومت سے نمائندگی کریں گے اور حکومت پر ہنگامی بجٹ جاری کرنے کیلئے زور دیں گے ۔ خیریت آباد اسمبلی حلقہ میں بارش سے متاثرہ علاقوں کا جائزہ لینے کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر لیبر بنڈارو دتاتریہ نے کہا کہ سال 2002 میں اربن ڈیولپمنٹ وزارت تشکیل دی گئی تھی کرلوسکر کمیٹی کی 2004 میں پیش کردہ رپورٹ کے مطابق نالوں ، ڈرینج نالیوں وغیرہ جیسی بلدی سہولتوں اور سیوریج کو ترقی دینے کیلئے اس کمیٹی نے رپورٹ پیش کی تھی لیکن 2004 سے 2014 تک حکومت کرنے والی پارٹیوں نے اس پراجکٹ پر غور نہیں کیا ۔ اس پراجکٹ کیلئے 2000 کروڑ روپئے تا 3000 کروڑ روپئے خرچ کرنے کی تجویز تھی ۔ بدبختی کی بات یہ ہے کہ کسی بھی پارٹی نے شہریوں کی بہتری کیلئے اس پراجکٹ کیلئے رقم مختص نہیں کی اب ڈرینج نظام بہتر بنانے کیلئے اخراجات کا تخمینہ 20,000 کروڑ روپئے ہوگیا ہے ۔ انہوں نے ریاستی حکومت سے کہا کہ وہ مستقبل کی صورتحال کو پیش نظر رکھ کر شہر کے بلدی نظام کا منصوبہ تیار کرے اور تفصیلی پلان پیش کرتے ہیں تو وہ مرکزی حکومت سے رجوع کر کے بجٹ کیلئے ترغیب دینگے ۔ مرکزی وزیر لیبر نے مزید کہا کہ انہوں نے تلنگانہ کے اضلاع کھمم ، کریم نگر ، عادل آباد اور ورنگل میں نکسلائٹس سے متاثرہ علاقوں میں سڑکوں اور پلوں کی تعمیر کیلئے 1291 کروڑ روپئے کی منظوری کیلئے اقدامات کیے تھے ۔ قبل ازیں ان میں مرکزی وزیر دتاتریہ نے خیریت آباد حلقہ اسمبلی میں چنتالا رامچندر ایم ایل اے کے ہمراہ متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا ۔ ۔