لنگر حوض سے گولکنڈہ مہان کالی مندر تک جلوس، کے سی آر کی مبارکباد
حیدرآباد 29 جون (این ایس ایس) علاقہ تلنگانہ بالخصوص دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد نمایاں اہمیت کے حامل بونال تہوار کا تاریخی قلعہ گولکنڈہ کی فصیل پر واقع جگدمبیکا مندر میں آج آغاز ہوا۔ رواں سال سے اس تہوار کو غیر معمولی خصوصیت حاصل ہوگئی ہے کیونکہ کے سی آر حکومت بونال کو تلنگانہ کے ریاستی تہوار کے طور پر منانے کا اعلان کی ہے۔ ریاستی وزیر داخلہ نائنی نرسمہا ریڈی نے اس تہوار کے ضمن میں گولکنڈہ (ریشمی ملبوسات)پیش کیا ۔ تہوار کے آغاز کے ایک حصہ کے طور پر لنگر حوض سے جلوس کی شکل میں تھوٹیلہ کو گولکنڈہ مندر لیجایا گیا ۔روایتی بونال کو اشادا جاترا بھی کہا جاتا ہے جو ایک سالانہ ہندو تہوار ہے اور تلگو کیلنڈر کے مہینہ اشادم کے پہلے دن سے شروع ہوتا ہے ۔ سابق ریاست حیدرآباد میں بھی ہندو دیوی مہان کالی کی روایتی جوش و خروش سے پوجا کی جاتی تھی۔ دوسری اتوار کو سکندرآباد کے اجینی مہان کالی مندر بونال منایا جائے گا تاہم تہوار کا قطعی مرحلہ بڑے پیمانے پر پرانا شہر کے علاقہ لال دروازہ میں تیسری اتوار کو منایا جائے گا ۔ بونال تہوار میں حصہ لینے کیلئے علاقہ تلنگانہ کے تمام ہندو عقیدت مند پرانا شہر کا رخ کرتے ہیں۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے آج اتوار کو اس تہوار کے آغاز پر تلنگانہ کے عوام کو مبارکباد دی ہے۔