صبح کے اوقات میں ہلکی بارش، کئی مقامات پر تاریکی سے عوام کو مشکلات
حیدرآباد 6ستمبر(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں آج اچانک موسم تبدیل ہوگیا۔ گزشتہ تین دنوں کی گرمی اور درجہ حرارت میں اضافہ کے بعد آج صبح گھنے بادل چھا گئے اور ہلکی بارش شروع ہوگئی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا ۔ ان بادلوں کے سبب کئی علاقوں میں صبح تقریبا دس بجے تاریکی دیکھی گئی جس پر راہگیروں کو اپنی گاڑیوں کی ہیڈ لائٹس آ ن کرکے گاڑیوں کو چلانے پر مجبور ہونا پڑا۔ شہریوں نے صبح ہی سے اچانک موسم میں تبدیلی محسوس کی اور اس پر حیرت زدہ ہوگئے ۔ دیکھتے ہی دیکھے کثیف بادل آسمان پر چھاگئے اور بارش ہونے لگی۔ اچانک صبح کے اوقات میں تاریکی سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرناپڑا۔گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے حکام کے مطابق کاپرا،الوال ، اُپل ، دلسکھ نگر کے کئی مقامات پر گھنے بادل کے سبب تاریکی چھاگئی جس سے راہگیروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ایل بی نگر ، کوکٹ پلی ،رامنتا پور،دلسکھ نگر،کوتہ پیٹ،ونستھلی پورم،حیات نگر،عبداللہ پور میٹ،راموجی فلم سٹی اور شہر کے کئی علاقوں میں بجلی کی سپلائی میں رکاوٹ پیدا ہوگئی ۔ اس کثیف دھویں کے سبب کئی مقامات پر ٹریفک میں بھی رکاوٹ ہوگئی۔ کمشنر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن بی جناردھن ریڈی نے نشیبی علاقوں میں رہنے والے افراد کو مشورہ دیا کہ وہ احتیاط برتیں ۔
انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ ضروری کام پر ہی گھروں سے باہر نکلیں۔کارپویشن نے مانسون رسکیوٹیم اور ڈیزاسٹر رسپانس ٹیم کو تعینات کیا ہے ۔ دوسری طرف ورنگل ضلع کے مختلف مقامات پر آج شدید بارش ہوئی۔ورنگل کے ہنمکنڈہ ،حسن پرتی،قاضی پیٹ اور دیگر علاقوں میں شدید بارش ہوئی جس کے ساتھ ہی سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا ۔ہنمکنڈہ کے سمے نگر،گنیش کالونی،ہوزنگ بورڈ کالونی سمیت کئی نشیبی علاقوں میں بارش کا پانی داخل ہوگیا جس سے عوام اور راہگیروں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔کئی افراد نے افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ سیوریج کا پانی ان کے گھروں میں داخل ہوگیا جس سے ان کو مشکلات کاسامنا ہے ۔ اس سلسلہ میں کئی مرتبہ بلدی حکام کو توجہ دلائی گئی تاہم اس خصوص میں کوئی اقدامات نہیں کئے گئے ۔بارش کے سبب ورنگل کے بعض اسکولس کے انتظامیہ نے آج تعطیل کا اعلان کیا۔اسی دوران آئندہ 24گھنٹوں کے دوران آندھرا پردیش کے تمام ساحلی اضلاع اور تلنگانہ میں گرج وچمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ رائل سیما میں بعض مقامات پرشدید بارش کا امکان ہے ۔ حیدرآباد کے محکمہ موسمیات کے مطابق شمال،جنوب تلاطم جو جنوبی چھتیس گڑھ پر بنا ہوا تھا،جنوبی تمل ناڈو ، جنوبی چھتیس گڑھ ، تلنگانہ ، رائل سیما سے ہوتے ہوئے سطح سمندر پر 0.9کیلو میٹر پر مرکوز ہے۔ ساحلی آندھراپردیش ، تلنگانہ اور رائل سیما میں بعض مقامات پر آئندہ چار دنوں کے دوران اوسط یا گرج وچمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔