حیدرآباد۔ 3 جولائی (سیاست نیوز) ورلڈ رینکنگ اسنوکر چمپین شپ انڈین اوپن کے تیسرے ایڈیشن کا 4 جولائی کو حیدرآباد انٹرنیشنل کنونشن سنٹر میں تلنگانہ کے وزیر آئی ٹی کے ٹی راما راؤ کے ہاتھوں افتتاح عمل میں آئے گا۔ انٹرنیشنل بیلیرڈس اینڈ اسنوکرس فیڈریشن کے صدر کیپٹن پی وی کے موہن نے آج یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس ٹورنمنٹ کی افتتاحی تقریب میں کئی سرکردہ سیاسی قائدین، فلمی اداکار، کھلاڑیوں اور دیگر ممتاز شخصیات شرکت کریں گی۔ پنکج اڈوانی اور مائیکل وہائیٹ کے درمیان افتتاحی مقابلہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ انگریزوں نے 1875ء میں اسنوکر کا آغاز کیا تھا جو بعدازاں بہت زیادہ مقبول ہوا۔ انڈین اوپن چمپین شپ کے انعامات کی مجموعی مالیت 3 کروڑ روپئے ہے۔ ان مقابلوں کے انعقاد پر 10 کروڑ روپئے کے مصارف عائد ہوئے ہیں۔ دفاعی چمپین مائیکل وہائٹ، انتھونی ہیملٹن کے ساتھ کھیلیں گے۔ آدتیہ مہتا، جمی رابرٹ سن کے ساتھ کھیلیں گے۔ فیڈریشن کے جنرل سیکریٹری بالا سبرامنیم کے علاوہ تلنگانہ بلیئرڈس اینڈ اسنوکرس اسوسی ایشن کے سیکریٹری بھی پریس کانفرنس میں موجود تھے۔