حیدرآباد میں امن و امان اور شہریوں کی ترقی کیلئے دعا کی اپیل

عازمین حج کے 12 ویں قافلہ کی روانگی ، کمشنر پولیس انجنی کمار نے وداع کیا
حیدرآباد ۔ 7۔ اگست (سیاست نیوز) کمشنر پولیس حیدرآباد انجنی کمار نے عازمین حج سے اپیل کی کہ وہ حیدرآباد میں امن و امان اور نوجوان نسل کے علم و ہنر کے ساتھ ترقی کیلئے خصوصی دعائیں کریں تاکہ نوجوان نسل ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ادا کرسکیں۔ کمشنر پولیس نے آج حج ہاؤز میں عازمین حج کے بارہویں قافلہ کو وداع کیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عازمین حج کی واپسی کے بعد نئی زندگی کی شروعات ہوتی ہے۔ لہذا انہیں چاہئے کہ حج کی فیوض و برکات کے ذریعہ زیادہ سے زیادہ افراد کو متاثر کرنے کی کوشش کریں اور انہیں صحیح راستہ پر لائیں۔ کمشنر پولیس نے کہا کہ عازمین حج کو وداع کرنا وہ اپنے لئے باعث افتخار تصور کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مکہ مکرمہ میں آپ حیدرآباد اور حیدرآبادیوں کیلئے خصوصی دعا کریں ۔ جو بھی شہری ہیں اللہ ان کا دامن خوشیوں سے بھردیں۔ انہوں نے کہا کہ حج میں دنیا کے ہر گوشے سے لوگ آتے ہیں اور دعاؤں کا سمندر ہوتا ہے ۔ شائد ہی کوئی وہاں سے مایوس لوٹتا ہو۔ انہوں نے عازمین حج کو مشورہ دیا کہ وہ سفر کے دوران نہ صرف اپنا خیال رکھیں بلکہ یہ ذہن نشین رکھیں کہ وہ ہندوستان کے سفیر ہیں اور وہ ملک کی نمائندگی کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں حیدرآباد کی منفرد شناخت ہے اور یہ مختلف پھولوں پر مشتمل ایک باغ ہیں جہاں ہر رنگ کے پھول دکھائی دیں گے۔ صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم ایم ایل سی نے عازمین سے کہا کہ وہ حرمین شریفین میں فیس بک ، واٹس ایپ اور دیگر سوشیل میڈیا کے استعمال کریں ۔ اپنا زیادہ تر وقت عباتوں اور اللہ تعالیٰ کو راضی کرنے میں صرف کریں۔ صدرنشین حج کمیٹی محمد مسیح اللہ خاں نے کہا کہ عازمین حج کی خدمت باعث خوش نصیبی ہے۔ اسپیشل آفیسر پروفیسر ایس اے شکور نے تلنگانہ حج کمیٹی کے انتظامات پر روشنی ڈالی۔ حیدرآباد سے تلنگانہ کے علاوہ آندھراپردیش اور کرناٹک کے عازمین بھی روانہ ہورہے ہیں۔ حافظ محمد عثمان نقشبندی امام مکہ مسجد نے عازمین حج کو مناسک حج اور دیگر احتیاط کے بارے میں مشورے دیئے ۔ حیدرآباد سے آج تک عازمین حج کے 12 قافلوں کے ذریعہ 3600 عازمین مکہ مکرمہ پہنچ چکے ہیں۔ 12 ویں قافلہ میں 300 عازمین اس موقع پر ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم ، صدرنشین اقلیتی فینانس کارپوریشن اکبر حسین ، ڈپٹی کمشنر پولیس سنٹرل زون وشوا پرساد ، ڈپٹی کمشنر ٹریفک بابو راؤ ، ایڈیشنل ڈی سی پی محمد تاج الدین اور حج کمیٹی کے ارکان موجود تھے۔ شہر میں آج آٹو بند کے پیش نظر پولیس اسکواڈ کے ذریعہ عازمین حج کی خصوصی بسوں کو شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ لے جایا گیا۔ چہارشنبہ 8 اگست کو دو قافلے روانہ ہوں گے۔