حیدرآباد میں اسمارٹ ٹرانسپورٹ نظام متعارف،فرانس کے تعاون سے پائیلٹ پراجکٹ کا آغاز

حیدرآباد ۔ 4 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ مہیندر ریڈی نے عوامی ٹرانسپورٹ نظام میں اسمارٹ ٹرانسپورٹ سسٹم کو متعارف کرانے فرانس کے سفیر الیگزینڈرجگلر کے ساتھ پائیلٹ پراجکٹ کا آج آغاز کیا ۔ ممبئی کی طرز پر حیدرآباد میں پبلک ٹرانسپورٹ نظام شروع کرنے میٹرو ٹرین سے آر ٹی سی کو مربوط کرنے کا اعلان کیا ۔ مہیندر ریڈی نے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ میں انفارمیشن ٹکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے انقلابی تبدیلیاں لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ فرانس کے سفیر الیگزینڈر جگلر کے ساتھ بس بھون میں اسمارٹ ٹرانسپورٹ سسٹم کے پائیلٹ پراجکٹ کا آغاز کیا ۔ اس موقع پر صدر نشین آر ٹی سی ستیہ نارائنا پرنسپل سکریٹری سنیل شرما ، ایم ڈی رمنا راؤ کے علاوہ دوسرے عہدیدار موجود تھے ۔ عوام کو اعلیٰ اور سہولت بخش ٹرانسپورٹ نظام فراہم کرنے کے لیے ہند ۔ فرانس نے ایک دوسرے کو ٹیکنیکل تعاون دینے کے معاہدے پر دستخط کیا ہے ۔ جس سے حکومت استفادہ کرتے ہوئے تلنگانہ اور شہر حیدرآباد میں پبلک ٹرانسپورٹ کو ترقی دینے کے لیے اقدامات کررہی ہے ۔ عوام کو آر ٹی سی بسوں کے آمد و رفت کی تفصیلات فراہم کرنے کے لیے جی پی آر اور بڑے بڑے ایل ای ڈی اسکرین لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ 24 گھنٹے خدمات کو یقینی بنانے کے لیے سولار سسٹم سے استفادہ کیا جارہا ہے ۔ پائیلٹ پراجکٹ کے طور پر سکندرآباد ۔ کوٹھی کے راستے پر چلنے والی روٹ نمبر 40 کی بس براہ اشوک نگر ۔ 86 نمبر براہ وارث گوڑہ میں 40 بسوں کی خدمات کو تجربہ کی بنیاد پر حاصل کیا جارہا ہے ۔۔