حیدرآباد میٹر و ریل پراجیکٹ کی ستائش

حیدرآباد 24 جنوری ( سیاست نیوز ) حکومت تنزانیہ کے ایک وفد نے وہاں کے وزیر اعظم کے مستقل سکریٹری جے اے ساگینی کی قیادت میں حیدرآباد میٹرو ریل کے ایم ڈی این وی ایس ریڈی سے آج ملاقات کی اور سمجھا جاتا ہے کہ عوامی ۔ خانگی شراکت کے تحت میگا انفرا اسٹرکچر پراجیکٹس پر عمل آوری میں ہونے والے چیلنجس اور مسائل کے تعلق سے تبادلہ خیال کیا۔ کہا گیا ہے کہ اس وفد نے کہا کہ انہوںنے حیدرآباد میٹرو ریل پراجیکٹ کے تعلق سے بین الاقوامی ماہرین سے بہت کچھ سنا تھا اور اسی لئے وہ اس میں تخلیقی امور کا جائزہ لینے کیلئے یہاں آئے ہیں۔ ایچ ایم آر کے مینیجنگ ڈائرکٹر نے اس وفد کو پاور پوائنٹ تفصیلات سے واقف کروایا ۔

انہوں نے بولیوں کے طریقہ کار ‘ قانونی دستاویزات ‘ فنی امور ‘ معیشت کے امور اور دیگر تفصیلات سے واقف کروایا ۔ کئی اہم اور حساس مسائل کی یکسوئی کیلئے جو مواصلاتی حکمت عملی اختیار کی گئی تھی اس تعلق سے بھی واقف کروایا گیا ۔ انہوں نے مطلع کیا کہ حیدرآباد میٹرو ریل پراجیکٹ صرف عوامی حمل و نقل پراجیکٹ کے طور پر نہیں بلکہ ہمہ مقصدی شہری ڈیزائین پراجیکٹ کے طور پر تیار کیا جا رہا ہے ۔ اس میں کئی امور کا بطور خاص دھیان رکھا گیا ہے اور یہاں نہ صرف پیدل راہرووں کیلئے گنجائش ہے بلکہ سیکل اسٹیشن اور اسٹریٹ فرنیچر وغیرہ کا بھی اہتمام کیا گیا ہے ۔ معمر افراد کے علاوہ خواتین اور بچوں کیلئے بھی خصوصی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ کہا گیا ہے کہ تنزانیہ کے وفد نے اس پراجیکٹ کے انجینئرنگ ڈیزائین کی ستائش کی ہے ۔ معاشی طریقہ کار بھی جو اختیار کیا گیا ہے اس پر بھی پسندیدگی کا اظہار کیا گیا ۔