حیدرآباد میٹرو پالیٹن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی میں کرپشن کا چلن

80 ملازمین کا تبادلہ ، کمشنر شالنی مصرا کا اقدام
حیدرآباد ۔ 25 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : کمشنر حیدرآباد میٹرو پالیٹن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کی حیثیت سے جائزہ حاصل کرنے کے بعد شالنی مصرا نے محکمہ کی عظمت رفتہ کی بحالی کے لیے اقدامات شروع کردئیے ہیں ۔ محکمہ کو فعال اور کارکرد بنانے کے لیے 80 ملازمین کو ان کے محکموں ( جہاں ان کا تقرر عمل میں آیا تھا ) واپس بھیج دیا گیا اور تقریبا 250 آوٹ سورسنسگ ایمپلائز کی خدمات برخاست کردی گئی ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ حیدرآباد میٹرو پالیٹن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے کام کاج کی ذمہ داری محکمہ کے اصل ملازمین کے سپرد کی گئی ہے اور دوسرے محکموں سے تبادلے پر آئے ہوئے 80 ملازمین کو واپس بھیج دیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ HMDA میں رشوت اور بدعنوانیوں کی شکایات پر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ناراضگی ظاہر کی ہے اور کہا کہ اس محکمہ میں کسی بھی فائیل کی یکسوئی مشکل ہوگئی ہے ۔ جس کے پیش نظر کمشنر HMDA نیراب کمار پرساد کا تبادلہ کردیا گیا اور ان کی جگہ ایک دیانتدار اور فرض شناس آفیسر شالنی مصرا کا تقرر کیا گیا جو کہ محکمہ کو کرپشن سے پاک بنانے کیلئے اقدامات شروع کردئیے ہیں ۔۔