حیدرآباد میٹرو ٹرین کے راستوں پر ریل اوور برج کی تعمیر کا آغاز

حیدرآباد ۔ 11 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : حیدرآباد میٹرو ریل نے آج میٹرو ریل کے راستوں پر درکار ریل اوور برج کی تعمیر کا آغاز کردیا ہے ۔ عہدیداروں کے بموجب حیدرآباد میٹرو ریل کی جملہ 72 کیلو میٹر راہداری پر 8 روڈ اوور برج کی تعمیر درکار ہے اور اس سلسلہ میں آج بھرت نگر ریل اوور برج کی تعمیر کے آغاز کے ساتھ ان کاموں کو شروع کردیا گیا ہے ۔ حیدرآباد میٹرو ریل مینجنگ ڈائرکٹر مسٹر این وی ایس ریڈی نے بتایا کہ میٹرو ریل کے تین مراحل و راہداریوں پر جملہ 8 ریل اوور برجس درکار ہیں جن میں پہلے مرحلہ و راہداری ( میاں پور تاا یل بی نگر ) پر 3 روڈ اوور برج درکار ہیں جب کہ دوسری راہداری جوبلی بس اسٹیشن تا فلک نما صرف ایک ریل اوور برج کی تعمیر کی ضرورت ہے لیکن تیسری راہداری جو کہ ناگول سے مختلف علاقوں سے گزرتے ہوئے شلپارامم پہنچتی ہے اس پر 4 ریل اوور برجس کی نشاندہی کی گئی ہے ۔

مسٹر ین وی ایس ریڈی نے بتایا کہ منصوبہ کے مطابق یچ یم آر کی جانب سے 6 ریل اوور بریجس ریت و کنکریٹ کے بنائے جائیں گے جب کہ 2 مکمل طور پر اسٹیل کے تیار کئے جائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد میٹرو ریل کی جانب سے انڈین ریلویز کے مستقبل کے منصوبوں بالخصوص ڈبل ڈیکر ٹرین چلانے کے منصوبہ کو نظر میں رکھتے ہوئے ریل اوور برج تیار کئے جارہے ہیں ۔ مسٹر ین وی ایس ریڈی نے کہا کہ 15 اپریل تک بھرت نگر ریل اوور برج کی تعمیر مکمل کرلی جائے گی اور ہفتہ میں دو یوم تعمیری سرگرمیاں انجام دی جائیں گی ۔

ان تعمیری سرگرمیوں کے دوران 3 گھنٹے کے لیے مذکورہ لائن پر ٹرین سرویس معطل رکھی جائے گی چونکہ تمام تر سرگرمیاں ریل کی پٹریوں پر انجام دی جانی ہیں اسی لیے یہ ضروری ہے کہ ریل خدمات کو ہفتہ میں 2 مرتبہ 3 گھنٹوں کے لیے اس لائن پر معطل کیا جائے ۔ حیدرآباد میٹرو ریل ، ایل اینڈ ٹی کمپنی کے ساتھ شہر حیدرآباد میں میٹرو کے آغاز کی سرگرمیوں میں مصروف ہے جو کہ شہر کے 72 کیلو میٹر علاقہ کا احاطہ کرے گی

اور اس کے 66 اسٹیشن ہوں گے ۔ مسٹر وی بی گاڈگل چیف ایکزیکٹیو آفیسر و مینجنگ ڈائرکٹر ایل اینڈ ٹی حیدرآباد پراجکٹ نے بتایا کہ حیدرآباد میٹرو ریل کی جملہ 72 کیلو میٹر راہداری پر 8 جگہ ایسی ہیں جہاں میٹرو ریل انڈین ریلویز کی پٹریوں کو عبور کرے گی ان مقامات پر ڈیزائن کے مطابق ریل اوور برج کی تعمیر ناگزیر ہے اور اب ایل اینڈ ٹی اس مرحلہ میں پہنچ چکی ہے کہ وہ ان ریل اوور برجس کی تعمیر کا آغاز کرے ۔ انہوں نے بھرت نگر ریل اوور برج کی تعمیر کے آغاز کے موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جن 8 مقامات پر میٹرو انڈین ریلویز کی پٹریاں عبور کریں گی وہ انتہائی مصروف ترین لائن ہیں ۔ اسی لیے مرحلہ وار اسساس پر ان پٹریوں پر تعمیری کاموں کی انجام دہی کو یقینی بنایا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ حفاظتی وصیانتی امور کے متعلق یہ مرحلہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔ اسی لیے اس پر خصوصی توجہ مبذول رکھی جائے گی تاکہ اس میں کسی قسم کی کوئی خامی باقی نہ رہے اور ریل ٹریفک پر اثر ہوئے بغیر ان ریل اوور بریجس کی تعمیر مکمل ہوسکے ۔۔