حیدرآباد میٹرو ٹرین پراجکٹ کی تکمیل میں تاخیر پر اظہار تشویش

میعاد میں توسیع پر تنقید ، سکریٹری سی پی ایم ایم سرینواس کا ردعمل
حیدرآباد ۔ 5 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : شہر حیدرآباد کے باوقار میٹرو ریل پراجکٹ میں تاخیر پر کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا نے تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ سی پی ایم نے پراجکٹ کی تکمیل میں تاخیر اور حکومت کی جانب سے میعاد میں اضافہ پر حیرت ظاہر کیا ہے اور کہا کہ حکومت نے پرانے شہر میں پراجکٹ کے متعلق اپنا واضح موقف ظاہر نہیں کیا ۔ سکریٹری سی پی ایم مسٹر ایم سرینواس نے اپنے ایک بیان میں حکومت سے پر زور مطالبہ کیا کہ وہ میٹرو ریل پراجکٹ میں تاخیر اور پرانے شہر میں پراجکٹ کی شروعات کے متعلق عوام میں تفصیلات پیش کرے اور عوام کو حقیقت سے واقف کرواتے ہوئے عوامی بے چینی کو دور کرے ۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے 17 ماہ کی میعاد میں اضافہ کرتے ہوئے میٹرو ریل پراجکٹ کی تکمیل کی مدت کو نومبر 2018 تک توسیع کردی ۔ جب کہ حکومت نے خود ہائی کورٹ سے درخواست کی تھی کہ ایک دن کام میں رکاوٹ اور تاخیر سے روزانہ 5 کروڑ روپئے کا نقصان ہوتا ہے ۔ انہوں نے حکومت سے سوال کیا کہ آیا 17 ماہ کے لحاظ سے 2550 کروڑ روپئے کا نقصان آخر کون برداشت کرے گا ۔ اس کے علاوہ شہری عوام کو مزید 17 ماہ سڑکوں پر ٹرافک تکالیف کو برداشت کرنا پڑے گا ۔ انہوں نے تشویش ظاہر کرتے ہوئے حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ حکومت آر ٹی آئی کے ذریعہ پوچھے گئے سوالات کا تک جواب نہیں دے رہی ہے ۔ جبکہ حکومت نے خود اعلان کیا تھا کہ تین تبدیلیاں کی جائیں گی جب کہ 2 تبدیلیوں کو جوں کاتوں موقف دیتے ہوئے ایک تبدیلی کے متعلق تاحال کچھ واضح نہیں کیا گیا کہ آیا پرانے شہر میں حیدرآباد میٹرو ریل پراجکٹ تعمیر ہوگا بھی یا نہیں ۔ کارئیڈار جو جوبلی اسٹیشن سے فلک نما تک مقرر کیا گیا تھا ۔ اس کارئیڈار میں کاموں کو املی بن اسٹیشن تک ہی محدود کردیا گیا اور مزید 5.5 کیلو میٹر کے کاموں پر کوئی بات نہیں کی جارہی ہے ۔ انہوں نے حکومت سے پراجکٹ کی تخمینی لاگت میں اضافہ کی رقم کے اعلان کا بھی مطالبہ کیا ۔ اور کہا کہ ایل اینڈ ٹی کمپنی جو کہ پراجکٹ تیار کیا ہے نے حالیہ دنوں حکومت سے پراجکٹ کی قیمت میں اضافہ کے طور پر 3 ہزار کروڑ روپئے طلب کیے حکومت کو چاہئے کہ وہ اس حقیقت سے عوام کو واقف کرواتے ہوئے شکوک و شبہات کا ازالہ کرے ۔۔
تروپتی ۔حیدرآباد۔تروپتی رائل سیما ایکسپریس ٹرین کی توسیع
حیدرآباد5جولائی(یواین آئی)تروپتی ۔حیدرآباد۔تروپتی رائل سیما ایکسپریس ٹرین کی یکم نومبر سے نظام آباد تک توسیع کی جائے گی۔وزارت ریلوے نے ٹرین نمبر 17430/17429 تروپتی۔حیدرآباد۔تروپتی رائل سیما ایکسپریس کی اس سال یکم نومبر تک نظام آباد تک توسیع کرنے کی منظوری دے دی ہے ۔ساوتھ سنٹرل ریلوے کے چیف پبلک ریلیشنس افسرایم اوما شنکر نے اپنے بیان میں یہ بات کہی۔یہ ٹرین تیز رفتار ہوگی اور مشن رفتار کے تحت سوپرفاسٹ ایکسپریس میں تبدیل ہوجائے گی۔