حیدرآباد میٹرو ریل مسافرین کی تعداد 20 ملین سے متجاوز

حیدرآباد 4 ستمبر ( پی ٹی آئی ) ایل اینڈ ٹی میٹرو ریل ( حیدرآباد ) لمیٹیڈ نے آج اعلان کیا کہ حیدرآباد میٹرو ریل میں اب تک 20 ملین مسافرین نے سفر کرلیا ہے ۔ مینیجنگ ڈائرکٹر میٹرو ریل و چیف ایگزیکیٹیو آفیسر کے وی بی ریڈی نے حیدرآباد میٹرو ریل کی خدمات کا خیر مقدم کرنے اور اس کی سرپرستی کرنے پر حیدرآبادی عوام سے اظہار تشکر کیا ہے ۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ ہم نے اپنی توقع سے قبل ہی اتنے مسافرین کا نشانہ عبور کرلیا ہے ۔ یہ نشانہ صرف ناگول ۔ امیر پیٹ ۔ میاں پور کی روٹ پر ہوا ہے اور انہیں یقین ہے کہ امیر پیٹ ۔ ایل بی نگر روٹ پر خدمات شروع ہونے کے بعد اس تعداد میں کئی گنا اضافہ ہوجائیگا ۔ گذشتہ سال نومبر میں وزیر اعظم نریندر مودی نے 30 کیلومیٹر فاصلہ والی میاں پور ۔ امیر پیٹ ۔ ناگول روٹ کا افتتاح انجام دیا تھا ۔ اس روٹ پر جملہ 24 میٹرو ریل اسٹیشن ہیں۔