ایک ہفتہ میں 10 لاکھ سے زائد مسافرین کا سفر، سارے ہندوستان میں سرفہرست سرویس
حیدرآباد۔/6ڈسمبر، ( سیاست نیوز)حیدرآباد میں اُردو کو دوسری سرکاری زبان کا درجہ دینے کے بعد حیدرآباد میں میٹرو ریل کے تمام اسٹیشنوں پر اردو تحریر کو شامل کیا گیا ہے۔ ہر اسٹیشن پر چار زبانوں میں ٹرینوں کی آمد ورفت کے اعلانات ہورہے ہیںان میں اردو، ہندی، تلگو اور انگریزی شامل ہیں۔ واضح رہے کہ حیدرآباد میں میٹرو ریل کا 28نومبر کو عظیم الشان پیمانے پر آغاز عمل میں آیا ہے۔ تاحال ایک ملین ( 10 لاکھ ) سے زائد مسافرین نے میٹرو ریل کے ذریعہ سفر کیا ہے۔ ابتدائی دنوں میں دو لاکھ اور بعد کے دنوں میں ہر روز ایک لاکھ سے زائد مسافرین میٹرو ریل کے ذریعہ اپنے منزلوں کو پہنچ رہے ہیں۔ حیدرآباد میٹرو ریل کی سرویس کئی اعتبار سے سارے ہندوستان میں انفرادیت رکھتی ہے۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ دنیا میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کا حامل سب سے بڑا پراجکٹ ہے۔ پہلے مرحلہ میں میاں پور تا ناگول 30 کیلو میٹر کا احاطہ کیا گیا جس میں 24 ایر کنڈیشنڈ میٹرو اسٹیشنس شامل ہیں۔ سارے اسٹیشنس ایر پورٹ جیسا ماحول پیش کررہے ہیں۔ ان میں دہلی، ممبئی، کولکتہ، چینائی، بنگلور اور کوچی شامل ہیں لیکن حیدرآباد میٹرو ریل کو ان تمام شہروں پر اس لئے سبقت حاصل ہے کہ اس کے تمام اسٹیشنوں اور کاؤنٹرس پر نہ صرف اردو زبان میں بورڈز آویزاں اور تختیاں نصب کی گئی ہیں بلکہ ساتھ ہی ساتھ ملک کی چار زبانوں میں میٹرو ریل کی آمدورفت کے اعلانات کئے جارہے ہیں ان میں اُردو زبان بھی شامل ہے۔ جہاں تک اردوکا سوال ہے فرقہ پرستوں کی لاکھ کوششوں کے باوجود اس نے اپنی مٹھاس سے بلا لحاظ مذہب و ملت رنگ و نسل، ذات پات ہر کسی کا دل موہ لیا ہے۔ اردو برصغیر ہند و پاک کی سرحدوں کو عبور کرتے ہوئے دنیا کے کونے کونے میں اپنے چاہنے والے پیدا کرلئے ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ چین کی مندارین زبان دنیا میں سب سے زیادہ بولی جاتی ہے۔ لیکن حقیقت میں دیکھا جائے تو اردو صرف ہند و پاک تک محدود نہیں ہے وہ آپ کو امریکہ کی سڑکوں، لندن کے بازاروں، مشرق وسطیٰ کے صحراؤں میں بھی سنائی دے گی۔ بہر حال میٹرو ریل میں اُردو کے بورڈز، تختیاں اور اعلانات چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ کی اُردو دوستی کو ظاہر کرتے ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے اسمبلی اور کونسل میں اُردو کو دوسری سرکاری زبان قرار دیتے ہوئے بل منظور کروایا ہے جو قابل ستائش اقدام ہے جس سے ریاست کے 31 اضلاع میں اُردو دوسری سرکاری زبان کا درجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی۔ تاہم چیف منسٹر کی اردو سے ہمدردی مخالفین اردو کو کھٹک رہی ہے۔
نوٹ بندی یا جی ایس ٹی سے غریب
بری طرح متاثر: ڈاکٹر جیری
حیدرآباد۔/6 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) ادارہ فروغ انسانی نئی دہلی کے وزیٹنگ پروفیسر ڈاکٹر جیری روڈگرس نے کہا کہ حالیہ نوٹ بندی اور جی ایس ٹی اصلاحات کے باعث غریب عوام پر منفی اثر پڑا ہے۔ اگرچیکہ اُجرتوں میں آہستہ سے اضافہ ہورہا ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ اشیاء کی قیمتوں میں بھی بے تحاشہ اضافہ ہورہا ہے۔ حکومت کی جانب سے موثر اقدامات کی ضرورت ہے۔ وسیع تر مسائل پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے وحید الدین میموریل لکچر دیا اور کہا کہ آزادی کے بعد سے اس ملک میں عدم مساوات کا چلن جاری ہے۔ پروفیسر ایس گلپ ڈائرکٹر مرکز برائے معیشت و سماجی تعلیمات نے بھی خطاب کیا۔