حیدرآباد میوزیم میں مصری مِمّی کے تحفظ کیلئے مؤثر اقدامات

نئی دہلی ۔27جولائی( پی ٹی آئی) مرکز نے حیدرآباد میوزیم میں رکھی ہوئی مصری مِمّی کے سڑجانے کی اطلاعات کو مسترد کردیا اور کہا کہ اس نادر شئے کو مقررہ درجہ حرارت میں رکھا گیا ہے اور فلیش کے ساتھ تصویر کشی پر امتناع عائد کردیا گیا ہے ۔ منسٹر آف اسٹیٹ ثقافتی اُمور مہیش شرما نے لوک سبھا میں ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ حکومت تلنگانہ نے مصری ماہر ڈاکٹر طارق العودی کے مشورہ کو قبول کرتے ہوئے ممی کو محفوظ رکھنے کیلئے مؤثر اقدامات کئے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ اب اس ممی کو مقررہ درجہ حرارت میں رکھا جارہا ہے اور نئے آکسیجن فری شوکیس کی تنصیب تک اسے لکڑی کے صندوق میں رکھا گیا ہے جس میں ہوا داخل نہیں ہوسکتی ۔ فلیش لائٹ کے ساتھ تصویر کشی پر بھی امتناع عائد کیا گیا ہے اور اس کمرے میں روشنی کا بھی معقول انتظام ہے ۔ سمجھا جاتا ہے کہ یہ ممی مصر کے چھٹے فرعون کی لڑکی ہے ۔ حال ہی میں یہ اطلاعات ملی تھی کہ اس ممی کی مؤثر دیکھ بھال نہیں ہورہی ہے ۔