حیدرآباد۔/5جولائی، ( سیاست نیوز) حیدرآباد میں منشیات ریاکٹ کا گوا سے تعلق ہونے کا پتہ چلا ہے۔ اکسائیز عہدیداروں نے اپنی جاری تحقیقات کے ذریعہ منشیات ریاکٹ کے دیگر ریاستوں سے رابطہ کا سراغ لگایا ہے۔ حیدرآباد میں منشیات کے بڑھتے مطالبات کو پورا کرنے میں گوا منشیات مافیا سرگرم ہے۔ منشیات ریاکٹ میں مزید ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔ تحقیقاتی عہدیداروں نے بتایا کہ منشیات ریاکٹ کے 3 افراد جن میں کلوین میکرینس، نکھیل شٹی اور برنیڈی بین شامل ہیں۔ منشیات کی فراہمی میں اہم رول ادا کیا ہے۔ ان لوگوں نے گوا میں اپنے رابطہ کاروں سے مل کر حیدرآباد میں منشیات سربراہ کئے ہیں۔ ایک عہدیدار نے بتایا کہ ہم اس ریاکٹ کے اصل سرغنہ کا پتہ چلانے کی کوشش کررہے ہیں۔ قبل ازیں منشیات ریاکٹ کو سٹی پولیس ٹاسک فورس ونگ اور سنٹرل کرائم اسٹیشن کی جانب سے بے نقاب کیا گیا تھا۔