حیدرآباد لوک سبھا سے راجہ سنگھ کی امیدواری کی اطلاعات مسترد

پارٹی نے کوئی فیصلہ نہیں کیا،حیدرآباد کیلئے کئی دعویدار، بی جے پی ترجمان کی وضاحت
راجہ سنگھ کے نام سے سیاسی فائدہ حاصل کرنے مقامی جماعت کی کوشش کو دھکہ

حیدرآباد۔/27جولائی، ( سیاست نیوز) حیدرآباد لوک سبھا حلقہ سے بی جے پی امیدوار کی حیثیت سے گوشہ محل کے رکن اسمبلی راجہ سنگھ کو میدان میں اُتارنے کی اطلاعات کو بی جے پی اعلیٰ قیادت نے مسترد کردیا ہے۔ پارٹی کے سینئر ترین قائد نے نام شائع نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ پارٹی میں کبھی بھی یہ روایت نہیں رہی کہ مقامی قائدین سے مشاورت کئے بغیر امیدوار کا اعلان کیا جائے۔ حیدرآباد سے راجہ سنگھ کی امیدواری کا کوئی امکان نہیں ہے اور پارٹی کے قومی صدر امیت شاہ نے اس طرح کی کوئی ہدایت نہیں دی۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں میڈیا کے ایک گوشہ میں یہ خبریں گشت کررہی تھیں کہ حیدرآباد لوک سبھا حلقہ سے راجہ سنگھ کے نام کو قطعیت دی جاچکی ہے۔ خود راجہ سنگھ نے یہ دعویٰ کیا کہ امیت شاہ نے انہیں حلقہ حیدرآباد سے مقابلہ کیلئے تیار رہنے کی ہدایت دی۔ اس سلسلہ میں جب پارٹی کے ریاستی صدر ڈاکٹر لکشمن سے ربط قائم کیا گیا تو انہوں نے صرف اتنا کہا کہ پارٹی جب بھی امیدوار کے نام کا فیصلہ کرے گی اس کی اطلاع میڈیا کے ذریعہ عوام کو دے دی جائے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ حیدرآباد کی نمائندگی کرنے والی مقامی سیاسی جماعت راجہ سنگھ کی امیدواری کو لیکر اپنا موقف مستحکم کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ راجہ سنگھ کے نام سے مسلمانوں کو مقامی جماعت کی تائید کیلئے مجبور کیا جاسکتا ہے۔ اس حکمت عملی کے تحت راجہ سنگھ کے نام کو میڈیا اور سوشیل میڈیا میں اُچھالا گیا اور یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی کہ بی جے پی اعلیٰ کمان کی نظریں حیدرآباد کی لوک سبھا نشست پر ہے۔ بی جے پی کے ترجمان نے وضاحت کردی کہ پارٹی میں انتخابات سے قبل امیدواروں کے نام کا اس طرح اعلان کرنے کی روایت نہیں ہے۔ (باقی سلسلہ صفحہ 9 پر )