بجلی پیداواری مرکز ، فارما یونیورسٹی ، مینوفیکچرنگ یونٹس اور بے شمار کمپنیو ںکا قیام ممکن
حیدرآباد /12 ستمبر ( سیاست نیوز ) مرکزی حکومت نے تلنگانہ ریاست میں حیدرآباد فارماسٹی کے قیام کی منظوری دے دی ہے ۔ مرکزی محکمہ جنگلات و ماحولیات نے احکامات جاری کردئے ہیں اور متعلقہ محکمہ کے ڈائرکٹر کے رگھو کمار ماہر آپرائیزل کمیٹی ( ای اے سی ) کی جانب سے دئے گئے اجازت نامہ کو تلنگانہ اسٹیٹ انڈسٹریل انفراسٹرکچر کارپوریشن لمیٹیڈ ( ٹی ایس آئی آئی سی ) کو روانہ کردیا ہے اور یہ پراجکٹ یاچارم ، کندور ، کڑتال منڈلس میں 78 کیلومیٹر کی وسعت پر ہے اور اس پراجکٹ کیلئے ریاستی حکومت نے کافی کوشش کی ہے اور اس پراجکٹ کیلئے جملہ 19333 ایکڑ اراضی کی ضرورت ہے اور اجازت نامہ میں بتایا گیا ہے کہ تاحال 7414 ایکڑ اراضی حاصل کی گئی ہے واضح ہوکہ حکومت تلنگانہ نے عالمی معیار کے مطابق فضائی آلودگی سے پاک فارماسٹی کے قیام کا منصوبہ تیار کیا تھا اور ساتھ ہی اعلان کیا تھا کہ 30 ہزار کروڑ کی سرمایہ کاری کیلئے کمپنیاں تیار ہیں اور فارما سٹی کے قیام سے ہزاروں ملازمتیں دستیاب ہوں گی اور اس پراجکٹ کے قریب ہی 765 میگاواٹ کا بجلی پیداواری مرکز بھی قائم کیا جائے گا ۔ جبکہ حیدرآباد فارماسٹی میں مینوفیکچرنگ یونٹس ، فارماسٹی ٹاون شپ ، فارمایونیورسٹی اور آر اینڈ ڈی سنٹر وغیرہ بھی قائم کئے جائیں گے ۔