طبی سہولیات کے حامل میڈیکل سنٹرس قائم کرنے چیف منسٹر کا اعلان
حیدرآباد 11 ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریاست تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راو نے کہا کہ شہر حیدرآباد انتہائی اہمیت کا حامل ’’میڈیکل ہب‘‘بن چکا ہے اور حیدرآباد میں دستیاب بہترین طبی سہولتوں کے پیش نظر بیرون ممالک سے مریض اپنے علاج کیلئے شہر حیدرآباد کا رخ کررہے ہیں۔ آج یہاں بنجارہ ہلز کے مقام پر نیا تعمیر شدہ ’’اسٹار ہاسپٹل کی عمارت‘‘ کا افتتاح انجام دینے کے بعد اس سلسلہ میں منعقدہ ایک سادہ لیکن پر اثر تقریب سے مخاطب کرتے ہوئے چیف منسٹر تلنگانہ نے واضح طور پر کہا کہ شہر حیدرآباد میں پائے جانیوالے ملٹی اسپیشیالٹی ہاسپٹلس ملک کے کسی اور مقام پر نہیں پائے جاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شہر حیدرآبدا میں پائے جانے والے ہاسپٹلس علحدہ امراض کیلئے سوپر اسپیشیالیٹی ہاسپٹلس تصور کئے جاتے ہیں ۔ مسٹر کے چندر شیکھر راو نے حیدرآباد میں پائے جانے والے ہاسپٹلس میں فراہم کردہ علاج کی سہولتوں کی زبردست ستائش کی اور دواخانوں کے انتظامیوں پر زور دیا کہ وہ غریب افراد کو بھی اسی مناسبت سے طبی سہولتیں فراہم کی جائیں جیسا کہ امیر و دلتمند افراد کو خانگی ہاسپٹلس میں نہ صرف سہولتیں بلکہ معیاری علاج کی فراہمی کو یقینی بنائیں ۔ چیف منسٹر ریاست تلنگانہ نے کہا کہ مناسب مصارف کے ساتھ عصری و بہترین علاج کی سہولتیں فراہم کرتے ہوئے شہر حیدرآباد کے ہاسپٹلس کا بیرونی ممالک میں ایک منفرد مقام دلانے کے اقدامات کئے جانے چاہئے۔مسٹر کے چندر شیکھر راو نے کہا کہ جو کوئی بھی خانگی ہاسپٹلس میں بہترین طبی سہولتیں فراہم کریں گے ان ہاسپٹلس کیلئے اراضی فارہم کرنے و دیگر امور کیلئے ہمت افزائی پیدا کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے اور ساتھ ہی ساتھ کئی ایک ترغیبات دی جائیں گی ۔