عصری ٹکنالوجی سے لوگ ہم آہنگ ، دونوں شہروں میں اسمارٹ فون کا بڑھتا ہوا رجحان
حیدرآباد۔29جولائی (سیاست نیوز) حیدرآباد ٹکنالوجی کے استعمال میں تیزی سے ملک کے دیگر شہروں میں سر فہرست ہوتا جا رہا ہے جس سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ شہر میں عصری ٹکنالوجی سے لوگ ہم آہنگ ہوتے جا رہے ہیں۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں اسمارٹ فون کے بڑھتے رجحان کو دیکھتے ہوئے مختلف محکمہ جات کی جانب سے ایپلی کیشن کے ذریعہ سہولتوں کی فراہمی کی خدمات کا آغاز کیا جانے لگا ہے جس سے عوام کو کافی فائدہ ہوتا نظر آرہا ہے اور درمیانی آدمی کلچر کا خاتمہ بھی ممکن نظر آنے لگا ہے۔ اسمارٹ فون پر ایپلی کیشن ڈاؤن لوڈ کرتے ہوئے مختلف سہولتوں کی فراہمی کے عمل کا آغاز شہری پولیس انتظامیہ کی جانب سے کیا گیا تھا اور سب سے پہلے سٹی پولیس نے ’’ہاک آئی‘‘ کے نام سے ایپلی کیشن کا آغاز عمل میں لایا جس میں عوام کو مختلف سہولتیں فراہم کی گئی ہیں جیسے ایمرجنسی میں پولیس سے رابطہ کے علاوہ پولیس اہلکاروں کی شکایت اور شہر کے تمام اعلی پولیس عہدیداروں کے فون نمبرات کے ساتھ پاسپورٹ ویریفیکیشن کے موقف و دیگر اجازت ناموں کے لئے درخواستوں کے ادخال کے طریقۂ کار وغیرہ شامل کئے گئے ہیں اس ایپلی کیشن سے دونوں شہروں میں کئی لوگ استفادہ کر رہے ہیں اور اس کے ذریعہ شکایت کے اندراج کی سہولت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پولیس اسٹیشن کے چکر کاٹنے سے محفوظ ہو چکے ہیں۔ اسی طرح محکمۂ روڈ ٹرانسپورٹ اتھاریٹی کی جانب سے ’’ آر ٹی اے ایم۔ویلٹ‘‘ کے نام سے ایپلی کیشن روشناس کروایا گیا جس میں موٹر سیکل رانوں اور ڈرائیورس کو لائسنس ‘ گاڑی کے دستاویزات وغیرہ ساتھ رکھنے کی ضرورت باقی نہیں رہی بلکہ تلاشی مہم و دستاویزات کی تنقیح کے دوران وہ اپنے موبائیل فون میں موجود اس ایپلی کیشن میں ڈاؤن لوڈ کردہ اپنے دستاویزات دکھا رہے ہیں۔اس سہولت سے نہ صرف شہریوں کو راحت حاصل ہوئی ہے بلکہ پولیس اہلکار بھی موبائیل ایپلی کیشن کے ذریعہ دستاویزات کا مشاہدہ کروانے والے شہریوں سے چوکنا رہنے لگے ہیں کیونکہ ان کا یہ احساس ہے کہ جو شخص اس عصری سہولت سے استفادہ کر رہا ہے وہ شخص دیگر ایپلی کیشن کی سہولتوں سے بھی واقف ہوگا۔ محکمۂ پولیس اور محکمۂ روڈ ٹرانسپورٹ اتھاریٹی کے ان ایپلی کیشنس کی کامیابی کو دیکھتے ہوئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے ’’مائی جی ایچ ایم سی ‘‘ ایپلی کیشن کا آغاز عمل میں لایا گیا اور اس ایپلی کیشن کے بھی زبردست نتائج منظر عام پر آنے لگے ہیں۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے بموجب ایپلی کیشن روشناس کروائے جانے کے بعد سے اب تک لاکھوں افراد اس ایپلی کیشن سے استفادہ کر چکے ہیں۔ ایپلی کیشن میں موجود صداقتنامۂ پیدائش ڈاؤن لوڈ کی سہولت سے اب تک 63ہزار 150صداقت نامے ڈاؤن لوڈ کئے جا چکے ہیں جبکہ صداقتنامۂ اموات ڈاؤن لوڈ کرنے والوں کی تعداد 32ہزار87تک پہنچ چکی ہے۔ اسی طرح بلدی عہدیداروں کے بموجب 3969مالکین جائیداد نے اس ایپلی کیشن کا استعمال کرتے ہوئے اپنے جائیداد ٹیکس ادا کئے ہیں اور 30تاجرین نے ایپلی کیشن سے استفادہ کرتے ہوئے اپنے تجارتی لائسنس بنوائے ہیں۔ ذرائع کے بموجب حکومت تلنگانہ کی وزارت انفارمیشن ٹکنالوجی کی جانب سے ایپلی کیشن کے ذریعہ عوام کو سہولتوں کی فراہمی اور عوامی خدمات تک رسائی کو یقینی بنانے کے عمل کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے اور اس سلسلہ میں مختلف محکمۂ جات کے عہدیدار اپنے محکمۂ جات کے موبائیل ایپلی کیشن کی تیاریپر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔ جس رفتار سے موبائیل فون ایپلی کیشن کے ذریعہ خدمات کے حصول کے رجحان میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے ایسی صورت میں محکمۂ برقی اور محکمۂ آبرسانی کی جانب سے بھی ایپلی کیشن روشناس کروائے جانے کی صورت میں عوام کو زبر دست فائدہ حاصل ہونے کے ساتھ ساتھ محکمہ ٔ جات کو بھی برقی و آبرسانی بلوں کی وصولی میں سہولت حاصل ہو سکتی ہے۔