حیدرآباد سٹی کانگریس کمیٹی کے لیے نئی عاملہ کی تشکیل

جنرل سکریٹریز ، سکریٹریز اور ایگزیکٹیو ارکان نامزد ، صدر حیدرآباد سٹی کانگریس انجن کمار کی کانگریس کو مستحکم بنانے توجہ
حیدرآباد ۔ 24 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : صدر حیدرآباد سٹی کانگریس کمیٹی و سابق رکن پارلیمنٹ انجن کمار یادو نے 109 رکنی حیدرآباد سٹی کانگریس کمیٹی کی نئی عاملہ تشکیل دی ہے ۔ جس میں 26 قائدین کو نائب صدر 50 قائدین کو جنرل سکریٹری 11 قائدین کو سکریٹریز اور 22 قائدین کو اگزیکٹیو ممبرس نامزد کیا گیا ہے ۔ انجن کمار یادو نے کہا کہ شہر حیدرآباد میں کانگریس پارٹی کو مستحکم بنانے اور آئندہ انتخابات میں تمام حلقوں سے کانگریس امیدواروں کو کامیاب بنانے کے لیے کمیٹی میں سماج کے تمام طبقات کو مناسب نمائندگی دیتے ہوئے متوازن کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ۔ ٹی آر ایس اور فرقہ پرست جماعتوں کو شکست دینے کے معاملے میں کانگریس کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی اور ہر قدم پر ڈٹ کر مقابلہ کرے گی ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی ، اے آئی سی سی سکریٹری این بوس راجو کی منظوری کے بعد جاری کردہ فہرست میں نائب صدور کے لیے 26 قائدین کا انتخاب کیا گیا ہے ۔ جس میں 6 مسلم قائدین انصاری احمد خاں ، محمد محسن قریشی ، محمد بابو خاں ، محمد مصطفی علی ، محمد ایوب خاں اور عثمان محمد خاں کو شامل کیا گیا ۔ 50 جنرل سکریٹریز میں 8 مسلم قائدین کو شامل کیا گیا ہے ۔ جس میں لیاقت علی ، محمد ذاکر حسین ، سید خالد شاہ حسینی ، فیروز احمد ، فیروز خاں ، سید فیروز ، محمد ساجد کو شامل کیا گیا ہے ۔ 11 سکریٹریز میں 2 مسلم قائدین تازین حسین خاں ، مرزا حیدر ظفر کو شامل کیا گیا ہے ۔ 22 ایگزیکٹیو ممبرس میں 4 مسلم قائدین محمد فرید ، محمد جیون خان ، معز اور غوث کو شامل کیا گیا ہے ۔ ساتھ ہی کوٹہ اڈئیے چندر کو خازن نامزد کیا گیا ہے ۔ صدر حیدرآباد سٹی کانگریس کمیٹی انجن کمار یادو نے کہا کہ حیدرآباد سٹی کانگریس کمیٹی میں تمام اسمبلی حلقوں کی نمائندگی کرنے والے کانگریس قائدین کو نمائندگی دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد سٹی میں کانگریس کے کئی اہم قائدین شامل ہیں جن کی خدمات سے پارٹی کسی نہ کسی طرح استفادہ کرتے رہے گی ۔ کمیٹی میں سماجی انصاف کرنا بھی ضروری ہے ۔ اسی تناظر میں یہ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو قائدین کمیٹی میں شامل نہیں ہوسکے ہیں پارٹی بہتر انداز میں ان قائدین کی خدمات سے استفادہ کرے گی ۔۔