دوبارہ کوا لا لمپور ایر پورٹ پر لینڈنگ،دوسرے طیارہ کے ذریعہ مسافرین کی پرواز ،آگ لگنے کی تردید
کوالالمپور 14ستمبر ( پی ٹی آئی) ملائیشیائی ایر لائنس کا ہندوستان کیلئے پرواز کرنے والا ایک طیارہ آج تکنیکی خرابی کے سبب دوبارہ کوالا لمپور ایر پورٹ پہنچ گیا جہاں بحفاظت لینڈنگ کی گئی۔ واضح رہے کہ بدترین خسارہ سے دوچار ملائیشیائی ایر لائنس ادارہ اس سال دو سنگین سانحوں سے گذرا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق فلائیٹ نمبر ایم ایچ 198 رات 10 بجکر 20 منٹ پر کوالا لمپور سے حیدرآباد کیلئے روانہ ہوا لیکن یہ بوئنگ 737-800ایک تکنیکی خرابی کے سبب دوبارہ رات 2 بجکر 1 منٹ پر دوبارہ کوالالمپور انٹر نیشنل ایر پورٹ پر واپس پہنچ گیا اور بحفاظت لینڈنگ کی ۔ اس ایر لائن کے ایک صحافتی بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’اس تکنیکی خرابی کا طیارہ یا اس کے مسافرین کے تحفظ و سلامتی پر کوئی خاص اثر نہیں پڑا ۔ تاہم احتیاطی اقدام کے طور پر پائلٹ نے طیارہ کو واپس لیجانے کا فیصلہ کیا‘‘۔ملائیشیائی ایر لائنس نے سوشیل میڈیا پر پھیلانے جانے والی ان اطلاعات کو مسترد کردیا کہ طیارہ میں آگ لگ گئی تھی اور عوام سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ مسافرین کو سنسنی سے بچانے کی خاطر غیر ضروری قیاس آرائیوں سے باز رہیں۔ ابتدائی خبروں میں بتایا گیا تھا کہ ایندھن میں کے سبب طیارہ نے ایمرجنسی لینڈنگ کی ہے۔ ایر لائنس ادارہ نے کہا کہ مسافرین اور ارکان عملہ بحفاظت طیارہ سے اترچکے ہیں ۔ مسافرین کو قریبی ہوٹلوں میں رہائش فراہم کی گئی ہے ۔ یہ طیارہ ایم ایچ 198B کے طور پر آج دوبارہ 12 بجکر 20 منٹ پر کوالا لمپور سے حیدرآباد روانہ ہوگیا۔ ملائیشیائی ایر لائنس ادارہ اس سال دو سنگین سانحوں سے گذرنے کے بعد خسارے میں چل رہا ہے۔8 مارچ کو اس کا ایک طیارہ ایم ایچ 370 اپنے 239 مسافرین کے ساتھ لاپتہ ہوگیا۔ اس طیارہ یا اس کے ملبہ کا تاحال کہیں کوئی پتہ نہیں چل سکا۔ دوسرا طیارہ ایم ایچ 17 ،مشرقی یوکرین میں 17 جولائی کو میزائیل حملے کے ذریعہ مار گرا یا گیا تھا جس کے نتیجہ میں اس میں سوار تمام 289 افراد ہلاک ہوگئے ۔ اپریل میں بنگلور روانہ ہونے والا ایک طیارہ جس میں 166 مسافر سوار تھے لینڈنگ گیئر میں خرابی کے سبب ٹیک آف کے فوری بعد واپس ہوگیا تھا۔