حیدرآباد رنگاریڈی کے غیر مسلمہ اسکولس کے خلاف کارروائی مہم

حیدرآباد۔/10جون، ( سیاست نیوز) محکمہ تعلیم کی جانب سے حیدرآباد و رنگاریڈی میں چلائے جارہے غیر مسلمہ اسکولوں کو مہربند کرنے کے سلسلہ میں مہم کا آغاز کیا جائے گا۔ حیدرآباد و رنگاریڈی میں ایسے 100اسکولوں کی نشاندہی کی گئی ہے جنہیں آئندہ دو یوم کے دوران بند کردیا جائے گا۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشنل آفیسر مسٹر ایم سومی ریڈی کے بموجب حیدرآباد میں 61اسکولوں کی نشاندہی کی گئی ہے جنہیں آئندہ دو یوم کے دوران مہر بند کردیا جائے گا چونکہ یہ اسکولس نہ صرف طلبہ کے مستقبل سے کھلواڑ کررہے ہیں بلکہ قانون کی صریح خلاف ورزی کرتے ہوئے داخلے فراہم کرنے کے مرتکب بنے ہوئے ہیں۔ حکومت کی جانب سے متعدد مرتبہ انتباہ دیئے جانے کے باوجود چلائے جارہے ان اسکولوں کے خلاف کارروائی سے متعلق عہدیداروں کا کہنا ہے کہ شہر میں بڑے پیمانے پر چلائے جارہے اس طرح کے اسکولوں کے خلاف کارروائی صرف سیاسی دباؤ کے تحت نہیں کی جارہی تھی لیکن گزشتہ برس ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ نے مداخلت کرتے ہوئے مسئلہ کے حل کیلئے ایک سال کا وقت فراہم کیا تھا لیکن اس ایک برس کے دوران محکمہ تعلیم کے عہدیداروں نے دو مرتبہ غیر مسلمہ اسکولوں کو مسلمہ حیثیت حاصل کرنے کیلئے کارروائی کی نوٹس جاری کی لیکن اس کے باوجود بھی 61اسکولوں نے اس سلسلہ میں کوئی اقدام نہیں کیا جس کے سبب انہیں بالکلیہ طور پر مہر بند کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اسکولوں کو مہربند کرنے سے اسکول میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ پر اس کاکوئی اثر مرتب نہیں ہوگا بلکہ ان طلبہ کو قریب میں واقع سرکاری و خانگی مسلمہ اسکولوں میں داخلہ دلوایا جائے گا تاکہ ان کے تعلیمی سال کو ضائع ہونے سے بچایا جاسکے۔ ریاستی حکومت کی جانب سے اسکولوں میں جاری تجارتی سرگرمیوں کو روکنے کے علاوہ انہیں قانون کے مطابق چلانے پر زور دیا جارہا ہے تاکہ شہر کو عالمی معیار کے شہروں کی فہرست میں شامل کروانے میں کسی قسم کی کمی باقی نہ رہے۔ ضلع رنگاریڈی میں 38 اسکولوں کی نشاندہی کی گئی ہے جو غیر مسلمہ ہیں اور تاحال ان اسکولوں کی جانب سے مسلمہ حیثیت کے حصول کیلئے کوئی درخواست داخل نہیں کی گئی ہے۔