حیدرآباد۔ 26 اگست (سیاست نیوز) حیدرآباد کے گوکل چاٹ اور لمبنی پارک میں گیارہ سال قبل 42 افراد کی ہلاکتوں کا سبب بننے والے جڑواں دھماکوں کے مقدمہ پر کل عدالتی فیصلہ کا اعلان کیا جائے گا۔ 25 اگست 2007ء کو ہوئے اِن جڑواں دھماکوں میں دیگر 50 افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔ اس مقدمہ کے 4 ملزمین کے خلاف جاری مقدمہ کی سماعت اس سال جون میں نامپلی کورٹ کامپلیکس سے چرلہ پلی سنٹرل جیل کے احاطہ میں واقع کورٹ ہال کو منتقل کی گئی تھی۔ سیشن جج سرینواس راؤ نے 7 اگست کو بحث اور جوابی بحث مکمل ہونے کے بعد 27 اگست کو فیصلہ سنانے کا اعلان کیا تھا۔ دوسرے میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ نے اگست 2013ء میں عنیق شفیق سید ، محمد صادق ، اکبر اسمعیل چودھری اور انصار احمد بادشاہ شیخ کے خلاف الزامات وضع کیا تھا جو مبینہ طور پر انڈین مجاہدین کے کارکن ہیں۔ انہیں مہاراشٹرا اے ٹی ایس نے اکتوبر 2008ء میں گرفتار کیا تھا ۔ بعدازاں گجرات پولیس کی تحویل میں بھی دیئے گئے تھے۔