حیدرآباد ۔ 15 ۔ جون : ( این ایس ایس ) : مرکز کی جانب سے ملک بھر میں اسمارٹ سٹیز کے لیے فنڈ فراہم کرنے کے اعلان کے ساتھ حکومت تلنگانہ مستقبل قریب میں حیدرآباد کو ایک اسمارٹ سٹی میں تبدیل کرنے کے اقدامات کررہی ہے ۔ تلنگانہ کے وزیر آئی ٹی کے تارک راما راؤ نے یہ بات بتائی اور کہا کہ حکومت ملک کی 29 ویں ریاست کو ایک اسمارٹ سٹی بنانے کا بھی منصوبہ رکھتی ہے ۔ جس کے لیے گلوبل کمپنیوں سے مناسب سفارشات حاصل کی جائیں گی ۔ ’ اسمارٹ سلیوشنس ۔ اسمارٹ سوسائٹیز ‘ پر یہاں ایک ورکشاپ سے مخاطب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ تلنگانہ کو مستقبل میں ایک اسمارٹ ریاست بنایا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت حیدرآباد اور ریاست کو اسمارٹر بنانے کے لیے اسمارٹ فیصلے کرے گی ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ریاستی حکومت نے آئندہ ماہ حیدرآباد میں اسمارٹ ڈیولپمنٹ پرایک انٹرنیشنل سمینار منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عہدیداروں کی ایک ٹیم دنیا بھر میں اسمارٹ شہروں کا دورہ کرے گی تاکہ ان مقامات سے کچھ ان یٹس حاصل کئے جائیں اور بہتر نظریات پیش کئے جائیں ۔ کے ٹی آر نے مزید کہا کہ ریاستی حکومت ایک ایسی حکمت عملی اختیار کرے گی جس سے پلان پر پوری طرح عمل درآمد یقینی ہو اور شہر ایک عالمی مقام بن جائے جہاں بہتر رابطہ ، سہولتیں اور انفراسٹرکچر سہولتیں دستیاب ہوں ۔۔